نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز: بابر اعظم کئی ریکارڈ توڑنے کے قریب

اتوار 2 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل 2023 سے شروع ہونے والی سیریزمیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے پاس کئی سنگ میل حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان کے تمام فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم کا بلا خوب رنز اگل رہا ہے اور وہ اب تک کئی ریکارڈز توڑ چکے ہیں۔

بابراعظم  کے پاس مزید ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے نیوزی لینڈ سیریز ایک بہترین موقع  ہے جہاں 5 ون ڈے اور 5  ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

اگر بابر اعظم نیوزی لینڈ سے ٹی 20 سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ سب سے زیادہ ٹی 20 میچز جیتنے والے کپتان بن جائیں گے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ایون مورگن نے اب تک بطور کپتان سب سے زیادہ 42 میچز جیتے ہیں جبکہ بابر اعظم اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ 40 میچز کے ساتھ  دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ اگر بابر اعظم ٹی 20 سیریز میں مزید 145 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے 3500 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن جائیں گے۔

ون ڈے فارمٹ میں بھی 28 سالہ پاکستانی کپتان جنوبی افریقہ کے لیجنڈ بیٹر ہاشم آملہ کے کئی ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ انہیں اگلی سات اننگز میں صرف ایک اور سنچری درکار ہے تاکہ وہ 18 ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے تیز ترین بلے باز بن سکیں۔ اس وقت یہ ریکارڈ ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے اسے 102 اننگز میں حاصل کیا، اس کے بعد ویرات کوہلی کا نمبر ہے جنہوں نے 119 اننگز میں اتنی ہی سنچریاں مکمل کیں۔

مزید برآں اگر بابراعظم اگلی 7 اننگز میں 187 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بھی بن جائیں گے۔ اس وقت یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے بیٹر ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے  101 اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویرات کوہلی اور ویسٹ انڈین عظیم بلے باز سر ویوین رچرڈز دونوں نے 114 اننگز میں اتنے ہی رنز بنائے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp