جشن آزادی کے موقع پر نئی ویزا پالیسی کا اعلان، 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم، عطا تارڑ

منگل 13 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے پاکستان کی ویزا پالیسی لانچ کی جائے گی  جس کے تحت دنیا کے 126 کے لیے ویزا فیس ختم کردی گئی ہے اور ویزا پراسس آسان کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویزا دینے کا عمل انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، پاکستان کے لیے ویزا 90 دن کے لیے ہوگا، 126 ممالک کے لوگ ایک سادہ فارم پر کرکے آسانی سے ویزا حاصل کر سکیں گے، ویزا فارم میں صرف 30 سوالات ہیں جن کا جواب دینے پر فوری طور پر ویزا جاری کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خود کو شیخ مجیب سے ملانے والے عمران خان اب یوٹرن لے رہے ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا ملک خوبصورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک سے سیاح یہاں آئیں، اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو ہر نعمت سے نوازا ہے، خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں گے تو فوری ویزا جاری کردیا جائے گا، پاکستان کے دروازے دنیا کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک خوبصورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک سے سیاح یہاں آئیں، اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو ہر نعمت سے نوازا ہے، خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں گے تو فوری ویزا جاری کردیا جائے گا، پاکستان کے دروازے دنیا کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی پاکستان آمد سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا جائے گا، سیاحوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سیاحوں کی سیکیورٹی کے لیے بہترین انتظامات کررہی ہے، گلگت بلتستان میں سیاحتی شعبے نے بے پناہ ترقی کی ہے، سیاحوں کے لیے معیاری اور سستی رہائش کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

’کابینہ ارکان ارشد ندیم کا استقبال کریں گے‘

عطا تارڑ نے کہا کہ پیرس اولپمکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا اعزاز 1992ء کے ورلڈ کپ سے زیادہ ہے، انہیں ریاست کی جانب سے شاندار خراج تحسین پیش کیا جائے گا، وہ اہل خانہ کے ہمراہ ملتان سے خصوصی طیارے کے ذریعے کچھ دیر بعد نور خان ایئر بیس پر پہنچیں گے جہاں کابینہ کے ارکان قومی ہیرو کا استقبال کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ہر جانب سے اچھی خبریں آرہی ہیں، حکومت ارشد ندیم کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتی ہیں، ارشد نے ندیم پیرس جانے سے پہلے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی، واپسی پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ارشد ندیم کا جیولین تھرو میں ریکارڈ بنانا ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر انہیں ریاست کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک:ارشد ندیم کی غربت اور حکومتی عدم توجہی، حقائق کیا ہیں؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی قریب ہے اور ارشد ندیم کی کامیابی سے یہ خوشی دوبالا ہوگئی ہے، آج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز میاں چنوں میں ارشد ندیم کے گھر گئیں، قومی ہیروز کے لیے یہ اہم ہوتا ہے کہ کامیابی سے پہلے اور بعد میں حکومت انہیں کتنا سپورٹ کرتی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ارشد ندیم نے خود کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا تھے، ہماری حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ کھیلوں کی ترقی سے متعلق اقدامات کیے جائیں کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا پاکستانی قوم میں 2 باتیں منفرد ہیں کہ جب کوئی مشکل آئے تو قوم ایک ہوجاتی ہے اور جب بھی خوشی کا موقع آئے تو قوم کھل کر یہ خوشی مناتی ہے، لوگوں کو چاہیے کہ منفی رویوں سے گریز کریں، ارشد ندیم نے اولمپکس میں پاکستانی پرچم بلند کیا، ان کا استقبال کرنا ایک اچھی بات ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp