پی ٹی وی کے شو گیسٹ ہاؤس میں جان ریمبو نامی ایک کردار نبھانے والے افضل خان نے اس نام اور اپنی بے مثال ایکٹنگ کے باعث خاصی شہرت پائی تھی۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال سے پہلے انہوں نے کئی فلموں میں بھی بہت سے کردار ادا کیے تھے۔ اس کے بعد وہ ٹیلی ویژن پر بہت سے کرداروں میں نظر آئے اور انڈسٹری کی بحالی کے بعد پھر کئی فلموں میں بھی کام کیا۔ افضل خان لائیو شوز میں بھی نظر آتے ہیں اور لوگ انہیں مزاحیہ کرداروں سے جوڑتے ہیں۔
مذاق رات میں ریمبو مہمان تھے جہاں ان سے پوچھا گیا کہ کیا جان ریمبو کے کردار سے ان کے کیریئر پر کوئی اثر پڑا؟ اس پر انہوں نے کہا کہ اس کردار کی وجہ سے انہیں بہت پیار ملا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صاحبہ سے متعلق ریمبو کے وہ 2 دعوے جو ہو بہو پورے ہوئے
تاہم انہوں نے کہا کہ ریمبو کے کردار نے ڈراموں میں ان کے کردار کو متاثر کردیا اور ان پر مزاحیہ ایکٹر کی چھاپ لگ گئی اور پروڈیوسرز انہیں صرف کامیڈی کرداروں کے لیے ہی سوچنے لگ گئے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس طرح ان کو سنجیدہ کردار نہیں مل پا رہے تھے جو وہ ادا کرنا چاہتے تھے۔
ریمبو نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح ایک بار سردار کمال ریمبو کو دلہا بن کر صاحبہ کے گھر لے گئے جب وہ صاحبہ سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ ریمبو تھوڑا سا گھبرا گئے تھے اور ان کی ہونے والی ساس و ویٹرن اداکارہ نشو بیگم نے ہلکے سے ان کا مذاق بھی اڑایا۔ واضح رہے کہ یہ ان کی صاحبہ سے شادی سے پہلے ہوا تھا اور اس وقت نشو اپنی بیٹی صاحبہ کی افضل خان سے شادی کے خلاف تھیں۔