ملک بھر میں 14 اگست کا آغاز ہوتے ہی 78واں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے، جونہی گھڑی پر رات کے 12 بجے ملک بھر کی فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی۔
یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر کی سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ شہر شہر، گلی گلی بھی قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کل پاکستان کا 77واں یوم آزادی ہے یا 78واں؟
منچلے نوجوان 12 بجتے ہی سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے جارہے ہیں، جبکہ جگہ جگہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔
Happy Independence Day❤️ pic.twitter.com/oh7wP6Oa13
— Syed Talat Hussain (@TalatHussain12) August 13, 2024
یوم آزادی پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
14 اگست کی مناسبت سے کوئٹہ شہر میں آتش بازی کا مظاہرہ pic.twitter.com/qcZZaGkJ5j
— Danish Murad دانش مراد (@Mee_Danish) August 13, 2024
پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، صدر مملکت آصف زرداری
صدر مملکت آصف زردری نے اپنے بیان میں کہاکہ میں پاکستان کے یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
یوم آزادی پر پوری قوم اور تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جشن آزادی پاکستان پر اپنے بیان میں کہاکہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت، جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں، کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
’پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اوورسیز پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں‘
انہوں نے کہاکہ میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو بھی سراہتا ہوں۔ اگرچہ آپ پاکستان میں اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور ہیں لیکن آپ اس ملک کا ایک ایسا حصہ ہیں جس کی اہمیت کبھی ماند نہیں پڑ سکتی۔
یہ بھی پڑھیں حکومت کا یوم آزادی پاکستان پر قوم کو تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
شہباز شریف نے کہاکہ یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں۔ افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کے لیے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔