وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ احساس ہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی سے عوام پریشان ہیں، بجلی کے بلوں میں کمی کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا اور ہماری ایکسپورٹ نہیں بڑھ سکتی، چند دنوں میں قوم کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں 5 سال معاشی پروگرام پیش کروں گا، ملکی ترقی کے لیے اپنی جان لڑادوں گا، پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کوشش کریں گے۔ پاکستان کے پورے ایکو سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی قومی مہم کی میں بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں تاکہ ایسے لوگ جو بروقت ٹیکس ادا کرتے ہیں انہیں ذیادہ سے ذیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جتوا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، ساتھ ہی وزیر اعظم نے ارشد ندیم کی والدہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی ہم سب کے لیے روشن مثال ہے، اس مثال سے ہمیں حوصلہ ملا ہے اس راستے پر چل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین میں ہونے والے مظالم ہر دل افسردہ ہے، مذمت کرنے کے الفاظ بھی معنی کھو چکے ہیں، کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق ملنے تک ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان صہیونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کی بھی ان کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے ان لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں، قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو بھی سراہتا ہوں، اگرچہ آپ پاکستان میں اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور ہیں لیکن آپ اس ملک کا ایک ایسا حصہ ہیں جس کی اہمیت کبھی ماند نہیں پڑ سکتی، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم آپ کو پاکستان کے حقیقی سفیر مانتے ہیں کیونکہ آپ جہاں کہیں بھی ہوں دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تاثر قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کے بیٹے نے جنرل فیض حمید کا نام آرمی چیف کے لیے تجویز کیا، زلفی بخاری کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں، افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کے لیے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں تو ہم غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے بہادر اور غیور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے لیے لڑ رہے ہیں اور بدترین بھارتی ریاستی ظلم کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی اس وقت تک مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔