وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کے دوران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے ایف نائن اور ایف ٹین کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا، اس کے علاوہ انہوں نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا، جس میں نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور یہ کھلاڑیوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی حکومت کا اسلام آباد کی اہم شاہراہ قومی ہیرو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں ایک ارب روپے اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا، جبکہ ارشد ندیم کے کوچ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انڈوومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی تربیت پر خرچ ہوگا، جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے کام آئے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ کل 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ارشد ندیم کو ہلال امتیاز نشان کے لیے نامزد کیا جائے گا، اور جس دن انہوں نے میڈل جیتا تھا میں نے اسی روز اپنے سیکریٹری کو صدر مملکت کو اس کے لیے خط لکھنے کا کہہ دیا تھا۔
شہباز شریف نے کہاکہ ارشد ندیم نے یوم آزادی کے موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا، یہ 40 سال بعد گولڈ میڈل لے کر آئے جس پر پوری قوم کا دل باغ باغ ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ آپ کی کامیابی نے یہ سبق دیا ہے کہ مسائل سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، اب ہم آپ کے راستے پر چلتے ہوئے اتحاد و اتفاق سے قوم کو ہمالیہ نما چیلنجز سے نجات دلائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھیلوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں گی، کھیلوں کے میدان میں پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہاکہ اب ہم یکسوئی کے ساتھ کھیل کے میدان میں دوبارہ آگے بڑھیں گے، خوشی کے اس موقع پر ارشد ندیم کے والدین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں ارشد ندیم کے لیے اسپیشل نمبر کی گاڑی کا تحفہ، ’اس پر فارم 47 لکھا ہوتا تو مزہ دوبالا ہوجاتا‘
انہوں نے کہاکہ ارشد ندیم کی انعامی رقم سے ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی۔ ’ٹیکس لینے والے انہی لوگوں سے بار بار ٹیکس لے رہے ہیں جو پہلے سے ادائیگی کرتے ہیں، ٹیکس نہ دینے والوں سے پوچھا ہی نہیں جاتا، لیکن اب ایسے نہیں ہوگا‘۔
کھلاڑی کو جو عزت دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے، ارشد ندیم
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہاکہ جو عزت کھلاڑی کو دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے، میں نے پیرس اولمپکس کے لیے اپنا زور بچا کررکھا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہر ایونٹ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین تھرو کروں، 14 اگست کا دن گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے۔
ارشد ندیم نے کہاکہ وزیراعظم نے جو پودا لگایا تھا بڑا نہیں ہوا ابھی آغاز ہے، عزت دینے پر شہباز شریف کا شکر گزر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں مریم نواز کی ارشد ندیم سے ملاقات، 10 کروڑ روپے چیک اور 92.97 اسپیشل نمبر کی گاڑی کا تحفہ
انہوں نے کہاکہ وطن واپس لوٹنے پر پوری قوم نے میرا شاندار استقبال کیا، میں بہت خوش ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے گولڈ میڈل جتوایا۔