78ویں یوم آزادی کے موقع پر سربراہان پاکستان صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہاکہ میں پاکستان کے یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں 78واں یوم آزادی روایتی جوش و جزبے سے منایا جارہا ہے
آصف زرداری نے کہاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جشن آزادی پاکستان پر اپنے بیان میں کہاکہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت، جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں، کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی پر ملٹری اکیڈمی کاکول میں پریڈ، افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، آرمی چیف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے پورے ایکو سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے کی بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں، پاکستان کے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی قومی مہم کی بھی خود نگرانی کر رہا ہوں، مختصر عرصے میں ترقی و خوشحالی کے لیے ہماری کوششوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئےہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، قوم جلد نتائج دیکھےگی۔