پاکستان میں فن ٹیک کی خدمات فراہم کرنے والے بڑے ادارے جاز کیش کے صدر مرتضیٰ علی نے فوربز فنانس کونسل میں شمولیت اختیار کرلی۔ جو دنیا بھر میں مالیاتی خدمات کے پیشہ ور افراد کی صف اول کی کمیونٹی ہے۔
کونسل میں مرتضیٰ علی کا انتخاب فن ٹیک اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف کے طور پر سامنے آیا ہے۔ 25 سال سے زیادہ کے تجربے کے ساتھ مرتضیٰ علی نے کاروبار کی ترقی اور جدت کو آگے بڑھانے کی اپنی صلاحیت کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں شیل پمپس سے خریداری کرنے والے پاکستانی صارفین اب جاز کیش سے ادائیگی کر سکیں گے
جاز کیش میں ان کی قیادت جاز اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے مشترکہ منصوبے اور VEON گروپ کا حصہ ہے، جو پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے منظر نامے کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
فوربز فنانس کونسل کے رکن کے طور پر مرتضیٰ علی کو اپنے پیشہ ورانہ اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے خصوصی مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔
ہم ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو ہر پاکستانی تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں، مرتضیٰ علی
اس موقع پر مرتضیٰ علی نے کہاکہ فوربز فنانس کونسل میں شمولیت اور فن ٹیک و ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت پر عالمی گفتگو میں حصہ ڈالنا اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو ہر پاکستانی تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ’میں اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے اور اس شعبے میں جدت اور ترقی کو جاری رکھنے کے لیے دوسرے رہنماؤں سے سیکھنے کا منتظر ہوں۔
مرتضیٰ علی کون ہیں؟
مرتضیٰ علی پاکستان کے سب سے بڑے فن ٹیک پلیٹ فارم جاز کیش کے صدر ہیں، جن کے 44 ملین سے زیادہ صارفین ہیں۔ وہ جاز کیش کے ساتھ 2019 سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے بورڈ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس سے قبل وہ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے ساتھ بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مرتضیٰ علی نے ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے صارفین کے سفر کو تبدیل کیا ہے۔ وہ ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں، اور انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICAP) کے رکن بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ٹیلی نار کی فروخت: کیا مائیکرو فنانس بینک اور ایزی پیسا میں پڑی صارفین کی رقم ضائع ہو جائے گی؟
انہوں نے اسٹاک ہوم اسکول آف اکنامکس، نارویجن بزنس اسکول، آئی ایم ڈی اور لندن بزنس اسکول جیسے اداروں میں ایگزیکٹو لیڈرشپ پروگرام مکمل کیے ہیں۔
مرتضیٰ علی نے اپنے کیریئر کا آغاز ارنسٹ اینڈ ینگ پاکستان سے کیا۔