گورنر سندھ نے ارشد ندیم کو شیر پاکستان کا خطاب دے دیا، 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

بدھ 14 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر ہاؤس کراچی میں جشن آزادی پاکستان کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ ارشد ندیم نے 14 اگست کے جشن کا مزہ دوبالا کردیا، میں ان کو اور ان کے کوچ کو تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا ارشد ندیم کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان

کامران ٹیسوری نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا، اور کہاکہ قومی ہیرو کی والدہ کو ستارہ امتیاز عطا کیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے تقریب میں آمد پر ارشد ندیم کے لیے فخر پاکستان اور شیر پاکستان کے الفاظ استعمال کیے اور انہیں خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو آج سے ہم شیر پاکستان کا لقب دے رہے ہیں، اس موقع پر تقریب کے شرکا نے قومی ہیرو کے حق میں نعرے بازی کی۔

کراچی والوں نے جو محبت دی الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا، ارشد ندیم

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہاکہ جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں اتنا بڑا عوامی اجتماع دیکھ کر خوشی ہورہی، میری طرف سے سب کو جشن آزادی مبارک ہو۔

انہوں نے کہاکہ آج میں اتنا خوش ہوں کہ اگر ابھی جیولین مل جائے تو ورلڈ ریکارڈ بنا سکتا ہوں، کراچی والوں نے جو محبت دی وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم کی کامیابی پر ان کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے، گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ان کے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچیں جہاں انہیں 10 کروڑ روپے کا چیک دینے کے ساتھ اسپیشل نمبر پلیٹ والی گاڑی بھی ان کو تحفے میں دی۔

اس کے علاوہ ارشد ندیم وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اسلام آباد پہنچنے، جہاں ان کو اسٹیٹ پروٹوکول میں وزیراعظم ہاؤس پہنچایا گیا اور اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں ٹوکیو اولمپکس کے بعد پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی جسے مسترد کردیا تھا، ارشد ندیم

استقبالیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے کیش انعام کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی ایک سڑک بھی ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp