پنجاب اور سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد آج سے سرکاری و نجی اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے مطابق، صوبہ بھر کے سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں 2 دن چھٹی ہوگی۔ سرکاری اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں تعطیلات کے اختتام پر اسکولوں کے اوقات کار کیا ہونگے؟
ڈبل شفٹ والے اسکولوں میں پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک جبکہ دوسری شفٹ دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، جمعہ کو اسکولوں کی ٹائمنگ صبح 8 سے 12 تک کھلا کریں گے۔
پنجاب کے اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو طلبہ کو چھٹی ہوگی، مرد اساتذہ پیر سے جمعرا ت صبح 8 سے 3 بجے تک اور ہفتے کے روز 9 سے 12 تک اسکولوں میں ڈیوٹی پر رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں ہفتے کی چھٹی ختم، نوٹیفیکیشن جاری
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق، خواتین اساتذہ کو ڈھائی بجے چھٹی ہوگی کیونکہ انہیں گھریلو ذمہ داریاں بھی پوری کرنا ہوتی ہیں، اس حوالے سے نوٹیفیکشن جلد جاری کردیا جائے گا۔
سندھ میں بھی آج سے اسکولوں میں تدریسی عمل شروع ہوگیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے طلبہ کو پہلے سے زیادہ توجہ اور عزم سے تعلیم حاصل کرنے جبکہ اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرنے کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں سے صوبے میں تعلیمی نظام میں بہتری آئی ہے، صوبہ میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا، ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔