پاکستان قونصلیٹ جنرل میلبرن میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2003 کی ٹرافی کی نمائش بھی کی گئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کرکٹ آسٹریلیا کے نمائندے ابراہیم بادیس خصوصی طور پر ورلڈ کپ 2003 کی ٹرافی ہمراہ لے کر پاکستان قونصلیٹ جنرل میلبرن کے دفتر پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ چھوڑ کر جیولین تھرو تک کیسے آئے؟ ارشد ندیم نے اپنے سفر کی کہانی سنادی
اس مقوع پر قونصل جنرل معظم علی شاہ نے وسیم اکرم سمیت تمام مہمانوں اور کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کیا۔ یوم آزادی کی تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا اور بچوں کے درمیان ملی نغموں کا مقابلہ بھی ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کے نمائندے ابراہیم بادیس نے کہا کہ 2003 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی ٹرافی لانے کا مقصد پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے جشن آزادی کا مزا دوبالا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ شائقین پاکستان کے خلاف سیریز میں بھرپور شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ چھوڑ کر جیولین تھرو تک کیسے آئے؟ ارشد ندیم نے اپنے سفر کی کہانی سنادی
وسیم اکرم نے تقریب سے خطاب میں تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پیرس اولپمکس میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو آزادی کا تحفہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی 2003 ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس فائنل میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں صرف 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے پہاڑ جیسے ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لیے بھارتی ٹیم میدان میں اتری مگر صرف 39.2 اوورز میں پوری ٹیم 234 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا نے بھارت کو 125 رنز سے شکست دیکر یہ ورلڈ کپ ٹرافی جیتی تھی۔