توشہ خانہ والی گراف گھڑی کے خریدار عمر فاروق اپنی ہلال امتیاز کی نامزدگی پر کیا کہتے ہیں؟

جمعرات 15 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت کی جانب سے ہر سال کی یوم آزادی پر اس مرتبہ بھی 104 ملکی اور غیر ملکیوں کو پاکستان کے لیے خصوصی خدمات پر اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: صدرمملکت کی ذوالفقار علی بھٹو کو نشان پاکستان، 104 دیگر شخصیات کو اعزازات دینے کی منظوری

صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے قومی اعزاز ہلال امتیاز کے لیے اوورسیز پاکستانی عمر فاروق کو نامزد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عمر فاروق نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو ملنے والی (توشہ خانہ والی) گراف گھڑی خریدی تھی۔

پبلک سروس میں اوورسیز پاکستانی عمر فاروق کو سول ایوارڈ ’ہلال امتیاز‘ 23 مارچ 2025 کو خصوصی تقریب کے دوران دیا جائے گا۔

عمر فاروق پاکستانی نژاد اماراتی کاروباری شخصیت ہیں جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر نے ان سے فون پر رابطہ کیا تھا اور انہیں پیشکش کی تھی کہ وہ عمران خان کو تحفے میں ملنے والی خانہ کعبہ کے لوگو والی گراف کی قیمتی گڑی خرید لیں۔

ان کے دعوے کے موجب اس کے بعد فرح خان وہ گھڑی لے کر دبئی ان کے پاس آئیں جہاں انہوں نے گھڑی خریدی۔

عمر فاروق نے ایسا کیا کیا جس پر انہیں ہلال امتیاز ملے گا؟َ

ہلال امتیاز کے لیے نامزدگی کے بعد وی نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران عمر فاروق نے کہا کہ یہ ان کے لیے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ان کو اعلیٰ سول اعزاز ہلال امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے: توشہ خانہ گھڑی کی جعلی رسید، عمران خان کے خلاف مقدمہ درج

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی کون سی خدمات ہیں جن کے باعث انہیں اس اعلیٰ سول اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے تو عمر فاروق نے بتایا کہ وہ گزشتہ سالوں میں 400 ملین ڈالر کی انویسٹمنٹ پاکستان میں لائے جبکہ 2 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ ابھی پائپ لائن میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان وجوہات کے باعث ان کو ہلال امتیاز سے نوازا جا رہا ہے۔

عمر فاروق نے اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ بھی ان کی طرح ملک کے ساتھ محبت کا ثبوت دیں اور خود بھی انویسٹمنٹ پاکستان لے کر آئیں اور لوگوں سے بھی پاکستان میں انویسٹمنٹ کروائیں کیونکہ اس وقت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے توشہ خانہ سے 7 گھڑیاں خلاف قانون لیں، ایک اور انکوائری رپورٹ سامنے آگئی

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جو گھڑی تحفے میں دی گئی تھی وہ دنیا کا واحد پیس تھا جو کہ اب انہوں نے خرید لیا ہے اور اس گھڑی کی قیمت ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر تھی جو کہ انہوں نے صرف 20 لاکھ ڈالر میں خریدی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp