کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ذریعے مالی سال 2024-25ء کے لیے وزیراعظم ریلیف پیکج کو نظر ثانی شدہ قیمت اور سبسڈی کے ساتھ جاری رکھنے کی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ پیکیج کو جاری رکھنے کی تجویز انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی۔
مزید برآں ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے گودام اور لاجسٹک سیکٹر کو صنعت قرار دینے کی درخواست کی منظوری دے دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اس موقع پر وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔