پاکستان، بنگلہ دیش ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان

جمعہ 16 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جمعہ کواعلان کیے گئے کمنٹری پینل میں عامر سہیل، اطہر علی خان، بازید خان، نک کمپٹن اورعروج ممتاز شامل ہیں جبکہ کمنٹری پینل کے پیش کردہ سکندربخت ہیں۔

اس سے قبل جمعہ 9 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان بھی کردیا گیا تھا۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے میچ ریفریز کے آئی سی سی  ایلیٹ پینل کے ممبر رنجن مدوگالے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں آئی سی سی میچ ریفری ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔  پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ  دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے 3 امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز سے ہوں گے اور 2 امپائرز آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز سے ہوں گے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو اور جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈ سٹوک  آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔ انگلینڈ کے مائیکل گف تھرڈ امپائر جبکہ پاکستان کے راشد ریاض فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

کراچی ٹیسٹ  میں مائیکل گف اور ایڈرین ہولڈ سٹوک آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ رچرڈ کیٹلبرو تھرڈ امپائر اور پاکستان کے آصف یعقوب  فورتھ امپائر  ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp