دیوسائی: غیر ملکی سفرا شمالی علاقہ جات پر فدا، ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کی پیشکش

جمعہ 16 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفرا نے شمالی علاقہ جات کو پاکستان کا خوبصورت چہرہ قراردیتے ہوئے جلد ہی بہت سے منصوبوں میں معاونت کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں سیاحت جوبن پر، سفر کے لیے کونسی حفاظتی تدابیر اختیار کریں؟

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام گلگلت بلتستان میں واقعے دنیا کے بلند ترین سطح مرتفع دیوسائی میں منعقدہ ٹورازم سمٹ کے دوران سفارتکاروں نے کہا اس کانفرنس نے اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھے ہونے، خیالات کا تبادلہ کرنے اور پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے کے مواقع تلاش کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے دوران کیے گئے رابطوں اور بات چیت سے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے اور یہ  سرمایہ کاری میں اضافے، انفراسٹرکچر کی ترقی اور پالیسی اصلاحات کیلئے معاون ثابت ہوگی۔

کانفرنس میں یورپی یونین، ملائیشیا، مصر، لیبیا، آذربائیجان، قازقستان، پرتگال اورترکیہ کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔

یورپی یونین کی جانب سے متعدد منصوبے شروع کرنے کا عزم

یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ گلگت بلتستان خوبصورت ترین علاقہ ہے اور اس میں سیاحت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج بڑھانے کی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔

ڈاکٹر رینا نے کہا کہ سیاحتی سہولیات میں اضافہ کر کے اس خطے کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بہت سے منصوبے شروع کرنے کے لیے پرعزم ہے جس میں تعلیم، تجارت، صحت، موسمیاتی تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔

مزید پڑھیے: گلگت بلتستان: بے ہنگم تعمیرات سے جنت نظیر خطے کی خوبصورتی ماند پڑنے لگی

پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر مظہر بن مذلان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا تمام موسموں کے دوست ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے بلکہ اس سے ملک کی قدرتی خوبصورتی، بھرپور ثقافتی ورثے اور گرم جوشی سے بھرپور مہمان نوازی کو بھی دکھایا جا سکتا ہے۔

مظہر بن مذلان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا میں سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور دونوں فریق ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کر سکتے ہیں۔

مصر کا پاکستانیوں کو آمد پر ویزا دینے کا عندیہ

پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن نے بین الاقوامی توجہ اور سیاحوں کو خطے کی طرف راغب کرنے میں مدد کے لیے آئی سی سی آئی کی سیاحت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔

مصری سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی تاجر برادری کے لیے ویزا آن ارائیول (آمد پر ویزا) کے لیے کام کر رہے ہیں جس سے یقیناً دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

’پاکستان کے شمالی علاقہ جات سیاحوں کے لیے جنت ہیں‘

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول گلگت بلتستان بے پناہ خوبصورت ہیں اور سیاحت کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے کے متنوع مناظر، پہاڑوں سے لے کر سرسبز وادیوں اور پرسکون جھیلوں تک، اسے فطرت سے محبت کرنے والوں اور ایڈوینچر کے متلاشیوں کے لیے جنت بنا دیتے ہیں۔

قازقستان کے سفیر یرزن کرسٹافن نے کانفرنس کو ایک کامیاب ترین قدم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کے لیے کثیر الجہتی تعاون کو بڑھانے کے لیے اپنے ملک کے عزم اور عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کا ٹورازم سمٹ پاکستان کی سیاحت کی صنعت اور اس کی اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں: کیا گلگت تا اسکردو موٹروے بننے جارہی ہے؟

میانمار کے سفیر وونا ہان نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کیا کہ وہ اپنے ملک کے ثقافتی ورثے کے ساتھ مماثلت رکھتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ خطے کی سیاحتی صلاحیت کو کھولنے کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششیں ثمر آور ہوں گی۔

یمن کے سفیر محمد مطاہر الاشعبی نے یمن کی سیاحتی صلاحیت، ثقافتی ورثے کے بارے میں بات کی اور پاکستان کے ساتھ سیاحتی تعاون کو بڑھانے کی کوشش کی۔

لیبیا کے ناظم الامور محمد بن جامہ نے سفر اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور لیبیا کے درمیان مضبوط سیاحتی روابط کا تصور کیا۔

پرتگال کے سفارتکار نے پاکستان کے خوبصورت علاقوں کو پرتگال کے مماثل قرار یتے ہوئے سیاحت کے فروغ کے لیے تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے در میان سیاحتی شعبے میں تعاون کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

سفرا کا اہل خانہ سمیت کانفرنس میں شرکت پر احسن بختاوری کا اظہار تشکر

صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے اپنے خطاب میں کانفرنس میں شریک تمام سفیروں کا اپنے اہل خانہ سمیت شرکت کرنے اور بلند ترین سطح مرتفع دیوسائی پر پاکستان کا جشن آزادی منانے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ تمام سفیر کانفرنس کی کامیابیوں کو اجاگر کریں گے اور سیاحت کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp