کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کرنے پر میسرز ڈائمنڈ پینٹ انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
کمپٹیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور ممبر سلمان امین پرمشتمل بینچ نے نپون پینٹ پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے ڈائمنڈ پینٹ کے برانڈ ’درسلک‘ کے مختلف ٹیلی ویژن چینلز پر چلنے والے اشتہارات میں پراڈکٹ کی مکمل اور درست معلومات نہ دینے پر دائر کی گئی شکایت پر فیصلہ دیتے ہوئے ڈائمنڈ پینٹ کو پراڈکٹ کے اشہارات میں پراڈکٹ کے بارے مکمل معلومات دینے کا حکم دیا اور کمپیٹیشن ایکٹ کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی پر 50 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
یہ بھی پڑھیں اشتہاری مہم میں غزہ کے استحصال پر ‘ بائیکاٹ زارا‘ ٹرینڈ کرنے لگا
نپون پینٹ کی شکایت کے نتیجے میں کی گئی انکوائری سے ثابت ہوا کہ ڈائمنڈ پینٹ اپنے پینٹ کے ڈبوں (پیکیجنگ) اور رنگوں کے شیڈ کارڈز پر موجود ڈس کلیمرز میں لکھا ہے کہ پینٹ کے ڈبے میں ڈسکاوئنٹ ٹوکن موجود ہے، لیکن پینٹ کے ٹیلی ویژن پر چلنے والے اشتہارات میں ان ڈسکاوئنٹ کے ٹوکن کی موجودگی اور انکی قیمت کا ذکر نہیں کیا جاتا۔
اس طرح مکمل معلومات کی فراہمی نہ کرنے سے صارفین کی فیصلہ سازی متاثر ہوتی ہے، صارفین کو درست اور آزادانہ فیصلہ سازی کے لیے اشتہارات میں شفافیت اور اہم معلومات کی مکمل فراہمی بہت ضروری ہے، کیونکہ ٹی وی پر چلنے والے اشہارات اکثر صارفین کے لیے مصنوعات کے بارے میں فیصلہ کرنے کا پہلا ذریعہ ہوتے ہیں۔
پینٹ کے ڈبوں میں موجود ٹوکن، دکاندار کو جمع کروا کر، نقد ڈسکاؤنٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اگر صارف کو اس ٹوکن کی موجودگی کا علم نہ ہو تو اکثر اوقات رنگ کرنے والے ٹھکیدار ان ڈبوں میں موجود ٹوکن پر نقد ڈسکاؤنٹ خود حاصل کرلیتے ہیں۔ اس ڈسکاؤنٹ کا فائدہ اصل صارف کے بجائے ٹھکیدار کو حاصل ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں سرکاری خزانے سے اشتہاری مہم چلانے پر الیکشن کمیشن کا سیکرٹری انفارمیشن سندھ کو نوٹس
کمپیٹیشن کمیشن نے پینٹ کے ڈبوں میں موجود ٹوکن کے استعمال اور اس بارے اشتہارات میں معلومات کی فراہمی پر ڈائریکٹشن اور حکم نامہ جاری کر رکھا ہے۔
ڈائریکشن میں پینٹ مینوفیکچررز کو اشتہارات، پروموشنل مواد اور پیکیجنگ میں ٹوکن کی موجودگی اور اس کی قیمت کا واضح طور پر اعلان کرنے کو لازمی قرار دیا تھا۔
کمپٹیشن کمیشن کے بینچ نے اپنے حکم نامے میں اس بات پر زور دیا کہ ٹوکن کی موجودگی کی واضح اطلاع صارفین کی فیصلہ سازی کے لیے بہت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں ’ تم مجھے بلیک میل نہیں کرسکتے‘ ایلون مسک صیہونیت کے حامی اشتہاری اداروں پر برس پڑے
فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ دیا میسرز ڈائمنڈ پینٹ لمیٹڈ صارفین کو خریداری کے باخبر اور درست فیصلے کرنے کے لیے درکار تمام معلومات فراہم نہیں کررہی اور اس طرح اس نے قابل واپسی ٹوکن کے استعمال سے متعلق کمیشن کی ڈائریکشن کی خلاف ورزی کی۔
کمیشن نے سی سی پی ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر ڈائمنڈ پینٹ کو اشتہارات میں ٹوکن بارے واضح معلومات دینے کا حکم دیتے ہوئے 50 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔