سندھ اور خیبر پختونخوا نے بجلی بلوں میں فوری ریلیف دینے پر کیا عذر تراشا؟

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب اور خیبرپختونخوا کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بجلی بلوں میں فوری ریلیف نہیں دے سکے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشیرِ حکومت سندھ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو 2 ماہ کا ریلیف دینے پر 10 ارب روپے کا خرچ آئے گا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت 2 ماہ کا ریلیف دے تو اس کا 8 ارب اور بلوچستان حکومت کا ایک ارب روپے خرچ آئے گا۔

مشیرِ حکومت سندھ نے کہا کہ ہماری حکومت دکھاوے اور لالی پاپ پر یقین نہیں رکھتی، پیپلز پارٹی کے مشوروں پر عمل کرکے سندھ کے ذخائر پر سستے پلانٹ لگائے جاتے تو آج بجلی سستی ہوتی۔

مزید پڑھیں:بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف، نواز شریف چھا گئے، خیبرپختونخوا حکومت خطرے میں پڑ گئی

پختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور سندھ سستی بجلی پیدا کرتے ہیں، مہنگی بجلی پنجاب میں پیدا ہوتی ہے، پنجاب حکومت نے 2 ماہ کا ریلیف دیا ہے، اس کے بعد بجلی پھر مہنگی ہو جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے 2 مہینے کے ریلیف کے بجائے مستقل ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پنجاب نے بجلی پر ریلیف پیسے دےکرلیا ہے مفت نہیں، مریم نواز کا مصطفیٰ کمال کو جواب

پنجاب میں بجلی سستی کرنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کی تنقید پر انہیں جواب دیا ہےکہ پیارے مصطفیٰ بھائی، پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ پیسے دے کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں:حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے طویل مدتی حل کے لیے کام کر رہی ہے، شہباز شریف

واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم پورے ملک میں بجلی کی ایک جیسی قیمت چاہتے ہیں، نواز شریف کے بجائے پریس کانفرنس وزیر اعظم کو پورے ملک کے لیے کرنا چاہیے تھی، پریس کانفرنس سے دیگر علاقوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے، صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنےکافیصلہ قبول نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پیارے مصطفیٰ بھائی، پنجاب نے ریلیف کے لیے اپنے بجٹ سے 45 ارب ادا کیے ہیں، خوشی ہوگی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلیف دیں۔

مزید پڑھیں:بجلی کے بلوں سے ٹی وی فیس اور ایڈجسٹمنٹ چارجز کیسے ختم کرائے جاسکتے ہیں؟

ہمیں بھی پاکستان کا برابر کا شہری سمجھ کر جینےکا حق دیں، مصطفیٰ کمال

مریم نواز کے بیان پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مریم بی بی آپ کے قیمتی مشورے کا شکریہ، سندھ حکومت کا سلوک اچھا ہوتا تو آپ کی پارٹی کی غیر مشروط حمایت کی کیا ضرورت تھی۔ میں نے پنجاب حکومت سے نہیں وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ ہمیں بھی پاکستان کا برابر کا شہری سمجھ کر جینےکا حق دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp