پاکستان اور بنگلہ دیش کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی کیوں منتقل کیا گیا

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بنگلہ دیش کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے شائقین کو گراؤنڈ میں براہ راست کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کراچی میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں اسوقت تعمیراتی کام جاری ہے۔ یہ فیصلہ کرکٹ کے شائقین کو دونوں ٹیسٹ میچوں کا لائیو ایکشن دیکھنے کا بھرپور موقع فراہم کرے گا جو پاکستان کرکٹ کے مصروف بین الاقوامی سیزن کا آغاز بھی ہے۔ اس سیزن میں پاکستان ٹیم 21 اگست سے 5 اپریل تک کل 9 ٹیسٹ، 14 ٹی20 اور کم از کم 17 ون ڈے کھیلے گی۔

مزید پڑھیں:پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز، بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے لیے بری خبر کیا؟

پی سی بی کا کہنا ہے ک ہمیں تعمیراتی ماہرین کی رہنمائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ کھیل کے اوقات کے دوران تعمیراتی کام جاری رہ سکتا ہے لیکن اس کے نتیجے میں ہونے والے صوتی آلودگی کرکٹرز کو پریشان کرے گی۔ مزید برآں تعمیراتی کام سے اٹھنے والا دھواں کھلاڑیوں، آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور میڈیا کی صحت اور تندرستی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

یہ دیکھتے ہوئے کہ تعمیراتی کام بلاتعطل جاری رہنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ وینیو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے آپریشنل طور پر تیار ہے، پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ٹیسٹ راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس مرحلے پر ہم 15 سے 19 اکتوبر تک کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنا پسند نہیں کریں گے اور میچ کی محفوظ میزبانی پر آرکیٹیکٹ اور تعمیراتی ماہرین کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں:پاکستان، بنگلہ دیش ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان

بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے شروع ہوگا۔

اس دوران اسلام آباد میں، پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش ‘اے’ اپنی سیریز جاری رکھیں گے۔ پہلا 4 روزہ میچ ڈرا ہونے کے بعد، دوسرا 4 روزہ میچ 20 اگست کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا، جس کے بعد 26، 28 اور 30 اگست کو تین 50 اوورز کے میچ ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے دونوں ٹیسٹ میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق اہم معلومات درج ذیل ہیں:
ٹکٹ بوتھ ایوی ایشن گراؤنڈ، بالمقابل ریسکیو 1122، راول روڈ، پبلک کار پارک ایوی ایشن گراؤنڈ، ریسکیو 1122 کے بالمقابل راول روڈ، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن اور سکستھ روڈ پر 19 اگست کو صبح 11 بجے فعال ہوجائیں گے۔ جبکہ PCB.tcs.com.pk پر آن لائن ٹکٹس بھی دستیاب ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp