بجلی کی قیمت میں ریلیف، حکومت پنجاب نے تقسیم کار کمپنیوں کو خطوط ارسال کردیے

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے صوبے اور اسلام آباد کے بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کے لیے بجلی کمپنیوں کو خطوط ارسال کردیے۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا ہے کہ مریم نواز کی ہدایت پر 5 بجلی کمپنیوں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بجلی کے بلوں میں ریلیف، مریم نواز کا مصطفیٰ کمال کی تنقید پر جواب

ترجمان کے مطابق اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کی ڈسکوز کو خطوط بھجوائے گئے ہیں۔

خط میں حکومت کی جانب سے بجلی قیمت میں 14 روپے فی یونٹ کمی کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آئیسکو، میپکو، گیپکو، فیسکو اور لیسکو 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں کمی کریں گی، جبکہ بجلی کی اصل لاگت اور ریلیف کے درمیان فرق پنجاب حکومت ادا کرے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ اگست اور ستمبر کے لیے بجلی کی قیمت میں 14 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، اور اس کے لیے پنجاب حکومت 45 ارب روپے اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں گورنر سندھ کا پنجاب کی طرز پر بجلی سستی کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو خط لکھنے کا اعلان

نواز شریف نے کہا تھا کہ مجھے احساس ہے کہ ملک کے عوام مہنگائی کے باعث ایک کرب سے گزر رہے ہیں، اس لیے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp