پاکستان کےگاشربرم 4 پر روسی کوہ پیما حادثے کا شکار، ایک لاپتا، 3 شدید زخمی

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں دنیا کے 17 ویں اور پاکستان کے چھٹے بلند ترین پہاڑ گاشر برم 4 پر 3 روسی کوہ پیما حادثہ کا شکارہو گئے ہیں جن میں ایک لاپتا ہو گیا ہے۔

اتوار کے روز شگر پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گاشر برم 4 پر روسی کوہ پیماؤں کی 5 رکنی ٹیم جس میں سرگئی نیلوف، میخائل میرونوف، الیکسی بوٹین، سرگئی میرونوف اور ایوگینی لیبلوکوف شامل ہیں، اپنے ساتھی روسی کوہ پیما دمتری گولوچینکو کی لاش نکالنے کے لیے مشن پر روانہ ہوئے تاہم ان میں سے 3 وہاں حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔

شگر پولیس کا کہنا ہے کہ 6,400 میٹر کی بلندی پرروس کے مشہور کوہ پیما سرگئی نیلوف برفانی تودہ گرنے سے لاپتہ ہو گئے ہیں جب کہ ان کے ساتھ دیگر2 شدید زخمی ہو گئے ہیں، جوشدید زخمی ہونے کے بعد پھنسے ہوئے ہیں، حکام نے اتوار کو بتایا کہ موسم کے بہتر ہونے کے ساتھ ہی ریسکیومشن شروع کر دیا جائے گا۔

شگر پولیس کی اطلاع کے مطابق پہاڑ پر زخمی حالت میں پھنسے ہوئے غیرملکی کوہ پیماؤں میں میخائل میرونوف اور سرگئی میرونوف شامل ہیں۔ جب کہ دیگر 2 کوہ پیماؤں، بوٹین اور لیبلوکوف کو ہفتے کی شام پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت اسکردو پہنچا دیا گیا تھا۔

شگری پولیس کے مطابق ہیلی کاپٹر دوسرے 3 کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے اور بچانے کے لیے اچھے موسم کے بہتر ہونے کا انتظارکررہا ہے۔

سرگئی نیلوف کی سربراہی میں روسی کوہ پیماؤں کی 5 رکنی ٹیم 7925 میٹربلند گاشر برم چہارم سے کوہ پیما دیمتری گولوفچینکو کی لاش نکالنے کے مشن پر تھی۔

الپائن کلب کے ترجمان قرار حیدری نے کہا کہ ’فوج کے ہیلی کاپٹر نیلوف سمیت 3 لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے ریسکیو کی ایک اور کوشش شروع کریں گے۔ برف کا تودہ گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امکان ہے کہ وہ اب بھی زندہ ہیں مگر یہ نہیں معلوم کہ وہ کس حال میں ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اس علاقے میں جاپانی کوہ پیماؤں کو پیش آنے والے حادثے کے علاوہ دیگر متعدد واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ جاپانی کوہ پیماؤں کو پیش آنے والے واقعات میں 2 کوہ پیما دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر ہلاک ہو گئے تھے، جب کہ پاکستان کے نامورکوہ پیما مراد سدپارہ بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp