تقریب بھارت کی، تعریفیں پاکستان کی، نیویارک میئر انڈین پرچم لہرا کر بھی بھارتی کمیونٹی کو بھول گئے

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے شہر نیویارک میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے کو ملی جب تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیے گئے میئر نیویارک ایرک ایڈمز اپنے اردگرد بھارتی جھنڈوں اور سہ رنگی بھارتی غباروں کے درمیان بھی بھارت کا نام بھول گئے اور پاکستان کا نام لے کر پاکستانی کمیونٹی کی تعریفیں کرتے رہے۔

نیویارک سٹی میں مقیم بھارتی کمیونٹی اور سفارتخانے کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا لیکن بھارتی کمیونٹی میں اس وقت مایوسی چھا گئی جب میئر نیویارک ایرک ایڈمز نے  تقریب سے خطاب کے دوران اپنے ہاتھ میں بھارتی جھنڈا اٹھانے کے باوجود بھارتی تارکین وطن کو ’پاکستانی کمیونٹی‘ قرار دے دیا۔

نیویارک کوئنز میں بھارتی کمیونٹی اور سفارت خانے کی جانب سے پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، تقریب والی جگہ اور اسٹیج کو بھارتی جھنڈوں، بھارتی ترنگے والے رنگ برنگے غباروں اور بینرز سے سجایا گیا تھا جن پر واضح لکھا ہوا بھی تھا کہ ’ میئر ایرک ایڈمز ہندوستانی کمیونٹی کے ساتھ آزادی کا جشن مناتے ہوئے‘۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرک ایڈمز خود بھی بھارتی ترنگا اور امریکی پرچم ہاتھ میں تھامے ہوئے تھے اور ان کے ارد گرد بھارتی تارکین وطن کھڑے تھے اور ان کے ہاتھ میں بھی ترنگا لہرا رہا تھا حتیٰ کہ بھارتی کمیونٹی والے ان افراد نے بھارتی ترنگے والے لباس بھی پہنے ہوئے ہوئے تھے۔

تاہم اس سب کے باوجود جونہی ہی نیویارک میئر ایرک ایڈمز اسٹیج پر تقریب سے خطاب کے لیے آئے تو انہوں نے بھارتی کمیونٹی کی بجائے 3 بار پاکستانی کمیونٹی کو پکارا۔

ویڈیو میں ایرک ایڈمز کو سنا جا سکتا ہے، وہ کہتے ہیں’ہم نے اس ہفتے کے اوائل میں باؤلنگ گرین میں پرچم لہرایا اور میرے خیال میں آپ کی جانب سے اس کمیونٹی کی ترقی میں حصہ ڈالنے کی اس سے بڑی کوئی علامت نہیں ہے کہ وہ مرد اور خواتین جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کا حصہ ہیں، جو یہاں موجود ہیں، ’پاکستانی افسران‘، جو اپنی تعداد اور رینک میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں اور وہ یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ عوامی تحفظ ہماری خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

ایرک ایڈمز مزید کہتے ہیں’ یہاں مدعو کرنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں اس کمیونٹی ’چھوٹے پاکستان اور کوئنز، چھوٹے پاکستان اور بروکلین کو بہت عرصے سے جانتا ہوں، آپ ہمارے پورے شہر کا ایک اہم حصہ ہیں۔ تو آئیے اپنی آزادی کا جشن مناتے رہیں۔ اس موقع پر ہجوم میں سے ایک شخص نے بلند آواز میں ان کی اصلاح کرنے کی کوشش کی اور پکار کر کہا ’انڈیا‘، ’انڈیا‘، ’یہ انڈیا ہے‘۔

واضح رہے کہ نیویارک مئیر ایرک ایڈمز نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو لوئر مین ہیٹن کے باؤلنگ گرین پارک میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی جب کہ اس سے ایک روز قبل انہوں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بھی اسی مقام پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp