لاپتا یوٹیوبر عون علی کھوسہ گھر واپس پہنچ گئے

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا اسٹار اور کامیڈین عون علی کھوسہ گھر واپس پہنچ گئے ہیں، یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کے بھاری بلوں کے حوالے سے ’بل بل پاکستان‘ گانا بنانے والے معروف یوٹیوبر کو کچھ روز قبل مبینہ طور پر نامعلوم افراد کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا اور 2 روز قبل یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ان کے یوٹیوب چینل سے مذکورہ گانا بھی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے 15اگست کو عون کھوسہ کے بھائی علی شیر کھوسہ نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آدھی رات کو نامعلوم مسلح افراد نے ان کے بھائی عون کھوسہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ تاہم، آج انہوں نے اور ان کی وکیل خدیجہ صدیقی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد اللہ عون علی گھر واپس آچکے ہیں۔

خیال رہے 14 اگست سے قبل عون علی کھوسہ نے ایک گانا ریلیز کیا جس کا عنوان ’بل بل پاکستان‘ تھا، جو دیکھتے ہی دیکھتے عوام میں مقبول ہوگیا تھا۔ تاہم، 15 اگست کو نامعلوم افراد کی جانب سے ان کو مبینہ طور پر حراست میں لے لیا گیا تھا جس پر حامد میر اور عمران ریاض سیمت دیگر صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلواینسرز نے آواز اٹھائی اور معاملہ عدالت تک لے گئے۔

مزید پڑھیں: گزشتہ روز اغوا ہونے والے عون کھوسہ کے یوٹیوب سے کونسی ویڈیو ڈیلیٹ کردی گئی؟

لاہور ہائیکورٹ نے کامیڈین عون علی کھوسہ کو بازیاب کروا کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے کامیڈین عون علی کھوسہ کی بازیابی سے متعلق عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو 20 اگست تک کامیڈین عون علی کھوسہ کو بازیاب کروا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

درخواست گزار کی جانب سے خدیجہ صدیقی ایڈووکیٹ پیش ہوئیں اور عدالت کو بتایا گیا تھا کہ عون علی کھوسہ ڈیجٹیل کنٹینٹ کریٹیر ہیں، طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں ویڈیوز بناتے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق عون علی کھوسہ کو نامعلوم افراد نے گھر سے اغوا کیا جن کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے عون علی کھوسہ کو حراست میں لیے جانے کی خبر کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، صارفین کا کہنا تھاکہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے حوالے سے پیروڈی نغمہ بنانا ان کا جرم بن گیا ہے اور انہیں اسی کی سزا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر لاپتا: کیا عون کھوسہ کو ’بِل بِل پاکستان‘ کا مزاحیہ ترانہ بنانے کی سزا ملی؟

 یاد رہے کہ یوٹیوبر عون علی کھوسہ اپنی طنزیہ ویڈیوز اور موجودہ حکومت پر تنقید کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شہرت رکھتے ہیں۔ یومِ آزادی کے موقع پر ان کا ریلیز کیا گیا گانا ’بل بل پاکستان‘ تیزی سے عوام میں مقبول ہو رہا تھا جس پر صارفین کا کہنا تھا کہ عون چوہدری نے مزاحیہ کانٹینٹ کے ذریعے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے، لیکن حراست میں لیے جانے کے بعد ان کا یہ گانا بھی یوٹیوب سے ڈیلیٹ کروا دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp