گیس کی قیمتیں اب کتنے عرصے بعد تبدیل ہوں گی؟ نیا نظام بنانے کی ہدایت

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے پیٹرولیم ڈویژن کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی یعنی اوگرا کے آرڈیننس میں ترمیم تجویز کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں کو ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹ کرنے کے لیے میکانزم متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔

پیٹرولیم سیکٹر کی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن یعنی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر غور کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لیے پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے ایکشن پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گیس کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟

اجلاس میں گیس کی قیمتیں ماہانہ یا سہ ماہی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اس موقع پر مقامی اور غیر ملکی ای اینڈ پی کمپنیوں کے سربراہان نے گردشی قرضے میں اضافے کی وجہ سے سیکٹر کی سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد پیٹرولیم ڈویژن کو صنعت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون بڑھاتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔

کمیٹی میں شامل نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈاؤن اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کے لیے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp