بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا، یہ سب ملٹری کورٹ کا چکر چل رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل فیض حمید کی گرفتاری کا ڈرامہ میرا مقدمہ ملٹری کورٹ میں لے جانے کے لیے رچایا جا رہا ہے، انہیں علم ہے کہ میرے خلاف تمام مقدمات کھوکھلے ہیں جو اسٹینڈ نہیں کریں گے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ سب ملٹری کورٹ کا چکر چل رہا ہے، فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائیں گے۔ یہ کہتے ہیں جنرل فیض حمید 9مئی کا ماسٹر مائنڈ تھا، اِنہیں شرم نہیں آتی، یہ کہہ رہے ہیں جنرل فیض بشریٰ بی بی کو ہدایات دیتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ یہ جنرل فیض حمید سے کچھ نہ کچھ اگلوانا چاہتے ہیں کہ 9 مئی سازش تھی، جو سازش کرتا ہے وہ جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہیں کرتا، رجیم چینج ہمارے خلاف ہوا اور مجھے ہی جیل میں ڈال دیا گیا۔
مزید پڑھیں: جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری سے نہ ڈرا ہوں، نہ گھبرایا ہوں، بانی پی ٹی آئی عمران خان
اس سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری پر نہ ڈرا ہوں نہ گھبرایا ہوں، اگر ڈرا ہوا ہوتا تو 9 مئی کے سانحہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہ کرتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ ہوش کے ناخن لے دیکھ لیں ملک تباہی کی طرف جارہا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ سے اپیل اور پیغام ہے کہ آپ ملک کو نقصان کی طرف لے کے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں آپ فراڈ لوگوں کو بٹھا کر ملک اور اداروں کو تباہ کر رہے ہیں۔ میں جنرل فیض کی گرفتاری پر بالکل نہیں ڈر رہا اگر ڈرتا تو جوڈیشل کمیشن کی بات نہ کرتا۔