اسلام آباد کے پمز اسپتال میں منکی پاکس کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے، پمز اسپتال کی فوکل پرسن ڈاکٹر نسیم اختر نے کہا کہ منکی پاکس کا پہلا مریض رپورٹ ہوا ہے، جو آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔
فوکل پرسن پمز اسپتال ڈاکٹر نسیم اختر نے کہا کہ 47 سالہ متاثرہ شخص آزاد کشمیر کا رہنے والا ہے، اور سعودی عرب کے شہر جدہ سے پاکستان آیا ہے۔ منکی پاکس سے متاثرہ شخص کو پمز اسپتال میں قائم خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے، تاہم مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کا موثر نظام بنایا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
اب تک ملک میں منکی پاکس کے 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، پہلا کیس پشاور میں رپورٹ ہوا، مردان میں بھی منکی پاکس کا کیس سامنے آیا۔ منکی پاس کے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 4،4 جبکہ اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
2روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہدایات جاری کیں کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔
یہ پڑھیں: خطرناک وائرس منکی پاکس سے کیسے بچا سکتا ہے؟
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس بھی ہوا، جس میں حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد ان کے کوآرڈینٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر منکی پاکس کی سرویلنس کا جائزہ لیا۔ ایئرپورٹ پر بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے کیے جانے والے اقدامات پر بریفننگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: منکی پاکس کے حوالے سے ملکی ایئر پورٹس پر کڑی نگرانی جاری ہے
ڈاکٹر مختار احمد کہتے ہیں تمام ایئرپورٹس اور انٹریز پواینٹ پر اسکریننگ اور سرویلینس کا موثر نظام موجود ہے۔ پاکستان میں ایم پاکس کی صورتحال تسلی بخش ہے، پیشگی اقدامات کی بھر پور نگرانی جاری ہے۔ وفاق اور صوبے ملکر تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینٹر برائے صحت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آئسولیش وارڈ مختص کردیے گئے ہیں، جبکہ وباؤں اور بیماریوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔