عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری، سعودی ایئر لائنز کے کرایوں میں بڑی کمی

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی ایئرلائن کی جانب سے ہر سال یوم سعودی عرب 23 ستمبر کے موقع پر ایئر لائن ٹکٹس پر بڑا ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے، چونکہ دنیا بھر سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے لوگ بڑی تعداد میں سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں تو اس ڈسکاؤنٹ آفر کے ذریعے بازاروں لوگوں کو ایئر لائن ٹکٹ میں بڑا ریلیف ملتا ہے۔ گزشتہ سال سعودی ایئر لائن میں ایک مخصوص وقت کے لیے اپنے تمام ایئر لائن ٹکٹس پر 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا تھا تاہم اس مرتبہ 50 فیصد تک اور 50 فیصد سے زیادہ ڈسکاؤنٹ دیا گیا ہے۔

وی نیوز نے ٹریول ایجنٹس اور عمرہ زائرین کے لیے جیکٹس بک کرانے والوں سے گفتگو کی اور ان سے جاننے کی کوشش کی کہ سعودی ایئر لائن کے اس آفر سے عمرہ زائرین کے ٹکٹس کتنے سستے ہوں گے اور ان کو کتنا فائدہ ہوگا؟

ٹریول ایجنٹ عامر مشتاق نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح سعودی ایئر لائن نے اس مرتبہ بھی یوم سعودی عرب پر ایئر لائن ٹکٹس میں بڑا ڈسکاؤنٹ آفر کیا ہے اس کے لیے 30 اگست تک عمرہ ٹکٹ کی بکنگ کرانے والوں کو ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا اور اس میں شرط یہ ہے کہ سفر یکم ستمبر سے 30 نومبر تک کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:پی آئی اے نے عمرہ پر جانے والوں کو خوشخبری سنا دی

عامر مشتاق نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد سے جدہ کا ٹکٹ کم سے کم ایک لاکھ 25 سے 30 ہزار میں دستیاب ہے، سعودی ایئرلائن کے ڈسکاؤنٹ کے بعد اس ٹکٹ کی قیمت 90 ہزار سے 1 لاکھ روپے ہو گئی ہے لیکن اس میں بھی ایک سٹاپ کا اضافہ کیا گیا ہے، گزشتہ سال سعودی ایئرلائن نے جب یہ ڈسکاؤنٹ آفر دی تھی اس وقت یہی ٹکٹ 70 ہزار روپے کا ہو گیا تھا۔ گزشتہ سال ڈسکاؤنٹ آفر کا بہت فائدہ تھا اور بڑی بچت ہوتی تھی تاہم اس مرتبہ ڈسکاؤنٹ آفر سے کچھ زیادہ فائدہ نہیں ہوگا۔

ٹریول ایجنٹ محمد طلحہ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال سعودی ایئر لائن کی جانب سے تمام مسافروں کے ایئر لائن ٹکٹ پر ڈسکاؤنٹ دیا گیا تھا تاہم اس مرتبہ ایک مخصوص کیٹگری کا ٹکٹ بک کرنے والوں کو ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا، اس مرتبہ جو ڈسکاؤنٹ آفر لگائی گئی ہے وہ تمام اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر نہیں لگائی گئی بلکہ لوئر اکانومی کلاس جیسا کے ٹینگو، لیما کیٹگری جو ایئر ٹکٹ سسٹم میں دکھائی دے رہی ہوتی ہے اس پر ڈسکاؤنٹ ہے جبکہ اس سے اوپر والی ہائیر اکانومی کلاس پر کوئی زیادہ ڈسکاؤنٹ نہیں دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp