ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ٹیلر سوئفٹ کی جعلی تصاویر کیوں شیئر کیں؟

منگل 20 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں صدارتی انتخابات کے انعقاد میں 3 ماہ باقی ہیں اور ملک بھر میں انتخابی مہم زوروشور سے جاری ہے۔ ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹی کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار اپنے انتخابی جلسوں اور بیانات میں ایک دوسرے کو للکارتے نظر آتے ہیں۔ تاہم ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مخالف امیدوار کملا ہیرس کے مقابلے  زیادہ ’ایکٹو‘ نظر آرہے ہیں اور اپنی مقبولیت کے گراف کو ’بلند‘ کرنے کے لیے ’ناممکن کو ممکن بنانے میں مصروف ہیں۔

حال ہی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور ان کے مداحوں کی جعلی تصاویر پوسٹ کی ہیں اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ پاپ اسٹار اور ان کے مداح آئندہ صدارتی انتخابات میں ان کی حمایت کررہے ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تیار کی گئیں ان تصاویر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے حاصل کیا اور ان تصاویر کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’مجھے منظور ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: بائیڈن امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

پوسٹ کی گئی تصاویر میں ایک تصویر ایسی بھی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے مداح، جو سوئفٹیز کے نام سے جانے جاتے ہیں، ٹی شرٹس پہنے کھڑے ہیں اور ان کی شرٹس پر لکھا ہے، ’سوئفٹیز فار ٹرمپ‘۔

ایک اور تصویر میں ٹیلر سوئفٹ کو انکل سام (پہلی جنگ عظیم میں امریکی آرمی میں بھرتی کے پوسٹر میں شائع کیا گیا ایک کردار) کے حلیے میں دکھایا گیا ہے جو لوگوں کو ٹرمپ کو ووٹ دینے پر زور دے رہی ہے۔

ایک تصویر میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ حال ہی میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ٹیلر سوئفٹ کا کنسرٹ منسوخ ہونے کے بعد ’سوئفٹیز‘ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اقرار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹیلر سوئفٹ  نے تاحال ٹرمپ کی جانب سے پوسٹ کی گئی جعلی تصاویر کے جواب میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے ابھی تک رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار کی حمایت کا اعلان بھی نہیں کیا۔ انہوں نے 2020ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اگرعورت ہوتا تو میں بھی پردہ کرتا،ڈونلڈ ٹرمپ کی پرانی ویڈیو وائرل

ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں جارج فلائیڈ کے پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ٹیلر سوئفٹ نے اعلانیہ ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کی تھی اور ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ہم نومبر 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔

اتوار کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مخالف صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی تصویر اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے شیئر کی تھی جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی تھی۔ اس تصویر میں کملا ہیرس کو ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں کمیونسٹ ریلی سے خطاب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک ڈیپ فیک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے خود کو اور ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک کو ماضی کے معروف میوزیکل گروپ ’بی جیز‘ کے ایک گانے پر ڈانس کرتے ہوئے دکھایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp