راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، جس میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ہیں۔
بنگلہ دیشی بولرز کا پاکستانی بلے بازوں پر پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے، بنگلہ دیشی بولرز نے پہلی اننگز میں 117 رنز پر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا، آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم اور صائم ایوب شامل ہیں۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلہ دیشی بولرز کو کھیلنے میں ناکام رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔ صائم ایوب نے 57 رنز بنائے اور وہ حسن محمود کی گیند پر مہدی حسن مرزا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان نجم الحسن شانتو نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار بھی ہوا۔
شیڈول کے مطابق، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ صبح 10 بجے شروع ہونا تھا، تاہم راولپنڈی میں بارش کے باعث ٹاس میں تاخیر ہوگئی اور 2 بجے ٹاس کے بعد 2:30 بجے میچ شروع یوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: سستے ٹکٹ کہاں سے کیسے مل سکتے ہیں؟
راولپنڈی میں آج صبح سویرے تیز بارش ہوئی جس کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ شروع نہیں ہوسکا تھا، اس وقت ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ بھی پچ پر امپائرز کے ہمراہ موجود تھے۔
تاہم 4گھنٹوں کی تاخیر کے بعد پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ پر گراؤنڈز مین نے کوورز ہٹانا شروع کیے اور پچ کا دوبارہ معائنہ شروع کیا، اور 2:30 بجے میچ شروع کیا گیا۔