پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے) پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جھکڑ، تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کی گئی۔ حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 1 بچہ جبکہ زخمیوں میں 1 مرد اور 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 10 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی، پی ڈی ایم اے
رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع مہمند، مانسہرہ اور ٹانک میں رونما ہوئے۔ تیز بارشوں، سیلابی صورتحال اور نقصانات کے پیش نظر محکمہ ریلیف کی جانب سے چترال اپر میں 30 اگست تک ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی۔
پی ڈٰی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر فلڈ وارننگ سسٹم کے ذریعے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور سطح کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کو امدادی سامان فراہم کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق امدادی سامان میں کمبل، خیمے، بسترے، چٹائیاں، میٹریس، مچھر دانیاں، کچن سیٹس اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشینری کو بروئے کارلایا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے، متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور ڈی جی پی ڈی ایم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوامیں حالیہ بارشوں کے دوران 17 شہری جاں بحق، 23 زخمی، پی ڈی ایم اے
متاثرہ علاقوں میں بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے عملہ موجود ہے اور عارضی طور پر ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام، سیاح کسی بھی ناخوشگواری کی اطلاع، موسمی صورتحال، سڑکوں کی بندش اور رہنمائی کے لیے 1700 پر رابطہ کریں۔