برطانیہ میں فسادات کا باعث فیک نیوز، گرفتار صحافی ایک روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے نیوز ویب سائٹ چینل 3 ناؤ سے وابستہ گرفتار صحافی فرحان آصف کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سے آپریٹ ہونیوالی نیوز ویب سائٹ چینل 3 ناؤ کی ایک مبینہ فیک نیوز کو برطانیہ میں حال ہی میں رونما فسادات کا سبب بتایا گیا تھا جبکہ متعلقہ ویب سائٹ لاہور سے آپریٹ کی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں فسادات کا باعث بننے والی ویب سائٹ کا صحافی لاہور سےگرفتار

فیک نیوز کے ذریعے برطانیہ میں فسادات کے اس مقدمہ میں ایف آئی اے نے گزشتہ روز لاہور کے علاقے ڈیفینس سے مذکورہ ویب سائٹ سے وابستہ صحافی فرحان آصف کو گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد آج ایف آئی اے سائبرکرائم نے گرفتار ملزم فرحان آصف کو عدالت پیش کیا۔

CamScanner 08-21-2024 14.51 by Asadullah on Scribd

ایف آئی اے کی جانب سےعدالت سے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرحان آصف کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ملزم سے جلد اَز جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ملزم فرحان آصف کیخلاف مقدمہ سائبر کرائم کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی مدعیت میں پیکا ایکٹ کی دفعہ 9 اور 10 اے کے تحت درج کیا ہے، درج ایف آئی آر کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم فرحان آصف نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں:برطانیہ میں فسادات: 75 فیصد مسلمان خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے، سروے رپورٹ

ایف آئی اے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے ایکس اکاؤنٹ پر انگلینڈ میں چاقو زنی کے واقعے کی تصاویر شیئر کیں، ایکس اکاؤنٹ ہینڈلر نے ویب سائٹ پر آرٹیکل بھی پوسٹ کیا، آرٹیکل میں 17 سالہ علی الشکاتی کو چاقوزنی واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ ویب سائٹ کے آرٹیکل میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار ہونے والا مسلم ہے، آرٹیکل میں حملہ آور کو برطانیہ میں پناہ گزین بھی بتایا گیا تھا، سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے کی وجہ سے فسادات پھوٹ پڑے۔

مزید پڑھیں: ایلون مسک برطانیہ میں فسادات پر نالاں کیوں؟

ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ایکس اکاونٹ ہولڈر کی شناخت فرحان آصف کے نام سے ہوئی، جس نے غیر ملکی چینل کو غلط معلومات دینے کا بھی اعتراف کیا، معلومات میں ملزم نے الزام دیگر لوگوں پر عائد کرنے کی کوشش کی۔

ایف آئی اے کی جانب سے دوران تفتیش ایکس اکاؤنٹ ملزم کا ہی ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ تفتیش کاروں نے ملزم کے قبضہ سے 2 لیپ ٹاپ اور ایک موبائل فون بھی برآمد کرلیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp