حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں جلسہ، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر 3 روز کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں 4 مرتبہ منسوخی کے بعد پی ٹی آئی کل اسلام آباد میں جلسہ منعقد کرپائے گی؟
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پابندی کا اطلاق جمعرات 22 اگست سے ہفتہ 24 اگست تک ہوگا۔ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پابندی کا اطلاق دہشتگردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، موجودہ حالات میں سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں 3 روز کے لیے کیا گیا ہے اور پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیں صوابی جلسہ: عمران خان کی رہائی کے لیے اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ کا اعلان
ترجمان نے کہاکہ عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔