پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد کے صدر عامر مغل نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے، کل اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہوکر رہے گا، کارکنان تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ترنول پہنچیں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ فارم 47 کی جعلی حکومت سے چھٹکارے کا وقت آگیا ہے، کل اگر مجھے شہید بھی کردیا جائے تو میری وصیت ہے کہ میرے جنازے کو وہیں رکھ کر جلسہ ضرور کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کل اسلام آباد جلسہ ہر صورت ہوگا، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کا اعلان
عامر مغل نے کہاکہ یہ جنگ صرف عمران خان کی رہائی کی نہیں بلکہ مہنگائی سے چھٹکارہ پانے کے لیے بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں مگر ہم مرنے کے لیے تیار ہیں اور کل سروں پر کفن باندھ کر آئیں گے۔ نہ ہم ان کی گولیوں سے ڈرتے ہیں، اور نہ دھمکیوں سے ڈرتے ہیں، کل 25 لاکھ عمران خان کے دیوانے گھروں سے نکلیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو جیل میں قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے، ہم نے اس سے قبل ذوالفقار علی بھٹو کو گنوا دیا، ایک اور غلطی کی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر کوئی شخص آپ کو توڑ پھوڑ کرتا نظر آئے تو اس کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا اس کو گرفتار کریں۔
عامر مغل نے کہاکہ انتظامیہ نے اسلام آباد میں دفعہ 144 لگائی ہے، کل ہم اس کے ٹکڑے کرکے دارالحکومت میں دفعہ 804 لگائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں شیر افضل مروت کا زیر زمین جانے اور کل باہر نکلنے کا اعلان
واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر جلسہ ضرور کریں گے۔