پاکستانی گلوکارہ اور پاپ میوزک کی جنوب ایشیائی ملکہ نازیہ حسن آج زندہ ہوتیں تو وہ 58ویں سالگرہ منا رہی ہوتیں۔
نازیہ حسن 3اپریل 1965کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ نغمہ نگار، وکیل اور سماجی کارکن بھی تھیں۔
نازیہ حسن کا شمارپاکستانی موسیقی کی تاریخ میں سب سے بڑی اور بااثر گلوکاروں میں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے صرف 15 سال کی عمرمیں فیروزخان کی ہدایت کاری میں بننے والی بالی ووڈ کی بلاک بسٹرفلم ’قربانی‘ کے لیے’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘گایا۔
اس گانے کی بدولت وہ ایک نامور شخصیت کے طور پر اُبھرکر سامنے آئیں، انہیں فلم فیئرایوارڈ بھی دیا گیا۔
نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر1982کاالبم ’بوم بوم‘اور 1984کا البم’ینگ ترنگ‘اور ان جیسے متعدد البم ریلیز کیے۔
وہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنہوں نے اپنے گانے ڈسکو دیوانے کے انگریزی ورژن(ڈریمر دیوانے) کے ساتھ برطانوی چارٹس میں جگہ بنائی۔
35سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے 13 اگست 2000کولندن میں نازیہ حسن کا انتقال ہو گیا تھا۔
1981میں ریلیز ہونے والے البم ڈسکو دیوانے کو پاکستانی موسیقی کی تاریخ کا سب سے بڑا البم سمجھا جاتا ہے۔