’اسلام آباد اقتدار کا شہر کم اور کنٹینرز کا شہر زیادہ بن چکا‘، حکومتی فیصلے پر لوگ شدید ناراض

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں ممکنہ احتجاجوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رات گئے شہر بھر کے اسکول 22 اگست کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق بچوں کی حفاظت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور ریڈ زون کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا اور جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بھی بند کر دی گی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایک صارف نے کنٹینر لگا کر راستے بند کرنے کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جڑواں شہروں میں راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دفاتر جانے والے ملازمین خصوصاً خواتین  کو سخت مشکلات درپیش ہیں راستے بند ہونے کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے اور شہری پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

ایک صارف نے احتجاج کے پیشِ نظر اسکول بند کرنے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ جمہوری معاشروں میں جلسے جلوس نارمل چیزیں ہیں ان کے لیے اسکولوں کالجوں کو بند کرنا تعلیم کا نقصان ہے لیکن ہمارے ہاں سب سے پہلے تعلیمی ادارے بند کیے جاتے ہیں۔

سجاول حنیف نے راستوں کی بندش پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے لیکن دفاتر جانے کے سارے راستے کنٹینر رکھ کر بند کر دیے گئے ہیں، صارف نے سوال کیا کہ کیا ایسے ہوتے ہیں محفوظ ہاتھ؟ اتنی خوف کی فضا کیوں پیدا کی ہوئی ہے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات میں دفتر والوں کو بھی چھٹیوں پر بھیج دیا کریں۔

صحافی عنبر علی لکھتی ہیں کہ آئے روز اسلام آباد میں جلسوں اور دھرنوں کی وجہ سے کنٹینرز رکھ کر راستے بند کر دیے جاتے ہیں، عام شہری اس وقت روڈ پر خوار ہو رہے ہیں لوگ صبح کے نکلے ہیں آفس پہنچ نہیں سکے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد اقتدار کا شہر کم اور کنٹینرز کا شہر زیادہ بن چکا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے آج شام 4 بجے ترنول چوک پشاور روڈ پر جلسے کا اعلان کر دیا تھا۔ بعد ازاں حکومت پنجاب نے صوبے میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے پنجاب بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی تھی۔

لیکن آج  پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنےکا اعلان کر دیا۔ اعظم سواتی نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر آج ملتوی ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp