جلسہ ملتوی، علیمہ خان کے بعد پی ٹی آئی کور کمیٹی ارکان کا بھی تحفظات کا اظہار

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

علیمہ خان کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے ممبران نے بھی آج اسلام آباد میں ہونے والا پی ٹی آئی کا جلسہ ملتوی کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی کے ارکان نے آج اسلام آباد میں ہونے والا پی ٹی آئی کا جلسہ ملتوی ہونے  پر تشویش اور اس بارے فیصلے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے اسلام آباد جلسہ کیوں ملتوی کیا، وجہ سامنے آگئی

میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی ٹی آئی کمیٹیوں کے ارکان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں سے بھی کوئی مشاورت نہ ہوئی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور جماعتیں جلسے میں شرکت کے لیے تیار تھیں۔

پی ٹی آئی کمیٹیوں کے اراکین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کو آگاہ کیے بغیر جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا، اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں اور قیادت کو میڈیا کے ذریعے جلسہ ملتوی کیے جانے کی اطلاع ملی، جلسے کی وجہ سے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس ملک سے باہر نہیں گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلسہ پھر ملتوی، ’ہر بار جلسہ منسوخ کرکے یہ عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟‘

اس سے پہلے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی جلسہ ملتوی کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلے گئے، انہوں نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جسلہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا۔

 

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں کارکنان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈرشپ کا بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا ارادہ ہی نہیں ہے، پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے، اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا، یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام بانی پی ٹی آئی کا لگا دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ ملتوی ہونے پر محمود اچکزئی کیوں ناراض ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد جلسہ ملتوی ہونے پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی ناراضگی کا اظہار کرچکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے جلسہ ملتوی کرنے سے قبل محمود خان اچکزئی کو اعتماد میں نہیں لیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد محمود خان اچکزئی نے اتحادی جماعتوں کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا جس میں پی ٹی آئی کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp