کارکنوں کو پیسے دینے کی ویڈیو وائرل: ’علی امین گنڈا پور جلسہ منسوخ ہونے کی خوشی میں پیسے بانٹ رہے ہیں‘

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں تحریک انصاف کا اسلام آباد جلسہ ملتوی ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور کو کارکنان میں 5،5 ہزار روپے تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی ایک بڑی تعداد ان پر تنقید کرتی نظر آئی۔ ڈاکٹر شمع جونیجو لکھتی ہیں کہ جلسہ ہو نہ ہو لیکن کرائے کے انقلابیوں کی دیہاڑی تو بنتی تھی۔

میاں عامر نے طنزاً لکھا کہ ’تسی پنج، پنج ہزار پھڑو تے نکلو، ساڈی گل ہو گئی اے‘ ( آپ 5، 5 ہزار روپے لیں اور واپس چلے جائیں ہماری بات ہو گئی ہے)

صحافی بشیر چوہدری لکھتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے سابق وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے ایک وزارت کی ایک ادائیگی میں سے علی امین گنڈاپور پر 30 کروڑ لینے کا الزام لگایا تھا۔ اب اگر اس میں سے چار 5 لاکھ لگا کر داغ دھل جائیں تو داغ تو اچھے ہوتے ہیں ناں؟

پی ٹی آئی کے حامی ایک صارف نے علی امین گنڈا پور کی کارکنوں میں میں 5،5 ہزار روپے تقسیم کرنے کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی اس ویڈیو کو پھیلا کر مخالفین ان پر کارکنوں میں پیسے تقسیم کرنے کا الزام لگارہے ہیں لیکن یہ سارے لوگ کرینوں، بلڈوزر اور ٹریکٹر ڈرائیورز ہیں جنہیں قافلے کے ساتھ آگے آگے چلنا تھا، جہاں رکاوٹ تھی اس کو ہٹانا تھا۔

صارف کا مزید کہنا تھا کہ جلسے کی منسوخی پر انھیں کرایہ دے کر واپس رخصت کیا گیا۔ ویڈیو میں نظر آنے والے تمام لوگ ڈرائیور تھے، ان کے مخالفین غلط الزام لگا رہے ہیں۔

ن لیگ کے حامی صارف پرویز سندھیلا لکھتے ہیں کہ علی امین گنڈا پور جلسہ منسوخ ہونے کی خوشی میں پیسے بانٹ رہے تھے کیونکہ ان کا مشن یہی تھا کہ جلسہ منسوخ ہو جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے آج شام 4 بجے ترنول چوک پشاور روڈ پر جلسے کا اعلان کر دیا تھا۔ بعد ازاں حکومت پنجاب نے صوبے میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے پنجاب بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی تھی۔

لیکن آج  پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنےکا اعلان کر دیا۔ اعظم سواتی نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر آج ملتوی ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ ہر حال میں جلسہ کرنا چاہتے تھے اور جلسہ ملتوی ہونے پر ناخوش تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp