نہ کوئی گاڑی، نہ کوئی سیکیورٹی پروٹوکول، سپریم کورٹ آف پاکستان کے اگلے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا معمول ہے کہ وہ روزانہ پیدل ہی اپنے فرائض منصبی سر انجام دینے کے لیے سپریم کورٹ پہنچتے ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسی کو متعدد بار پیدل ہی سپریم کورٹ کی طرف سفر کرتے دیکھا گیا ہے، آج بھی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں قاضی فائز عیسٰی کو تیز قدمی سے سپریم کورٹ آتے دیکھا گیا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی کا مؤقف ہے کہ انھیں سیکیوررٹی پروٹوکول ملنے سے بہتر ہے کہ سیکیورٹی اہلکار عام لوگوں کی حفاظت کریں، جب لوگ محفوظ ہوں گے تو وہ بھی محفوظ ہوں گے۔
قاضی فائز عیسی کہتے ہیں کہ اگر ہم اپنے آپ کو اسلامی جمہوریہ کہتے ہیں تو اسلام میں لوگوں کے چلنے کے رولز ہیں، اگر عام آدمی کا راستہ روکیں گے تو یہ اسلام میں گناہ ہے۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اس عادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔