پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم:  بنگلہ دیش نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے

جمعہ 23 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہو گیا ہے، بنگلہ دیش اب بھی پاکستان سے 132 رنز پیچھے ہے اور اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں، تیسرے روز بنگلہ دیش نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے، مشفیق الرحیم اور لٹن داس کریز پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش نے جمعہ کو تیسرے روز اور اپنی پہلی اننگز کا آغاز اپنی تمام وکٹوں کے ساتھ کیا لیکن ذاکر حسن اور نجم الحسین شانتو جلد ہی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم، بنگلہ دیش نے پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں 27 رنز بنا لیے

اس کے بعد شادمان اسلام اور مومن الحق نے 94 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی تاہم مومن الحق اپنی نصف سینچری مکمل کرتے ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد شادمان اسلام نے مشفیق الرحیم کے ساتھ مل کر ٹیم کےمجموعی اسکور میں 52 رنز کا اضافہ کیا تاہم چائے کے وقفے کے بعد کھیل شروع ہوا تو شادمان اسلام کے سینچری مکمل کرنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا اور وہ 93 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کرنے میں ناکام رہا ۔ بنگلہ دیش کی اچھی پارٹنرشپ نے پاکستان کی بنگلہ دیش کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ 199 رنز پر گری، جب شادمان اسلام 93 رنر پر بولڈ ہوئے۔ تیسری وکٹ 143 رنز پر گری جب مومن الحق 50 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ کپتان نجم الحسین شنتو کی تھی جب وہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی وکٹ خرم شہزاد نے لی۔ اوپنر ذاکر حسن 12 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، جن کا کیچ وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان نے لیا۔  بنگلہ کی تیسری وکٹ  147 کے مجموعی اسکور پر گری جب مومن الحق 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ 199 کے مجموعی اسکور پر گری جب شادمان اسلام 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پانچویں وکٹ 218 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب شکیب الحسن 15 بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 2 جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن:

پاکستان ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز سے اننگز آگے بڑھائی۔ محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سینچری اسکور کی۔ سعود شکیل نے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 171 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

صائم ایوب نے 56 رنز، عبد اللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6، بابر اعظم صفر، سلمان علی آغا نے 19 جبکہ شاہین شاہ 29 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان نے 141 اوورز بیٹنگ کرکے 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن قتل کے مقدمے میں نامزد، کھیل جاری رکھ سکیں گے؟

بنگلادیش کی جانب سے شریفل اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان ٹیم نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 27 رنز اسکور کیے تھے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن:

بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بؤلنگ کا فیصلہ کیا اور نئی گیند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کردیا۔ تاہم صائم ایوب اور سعود شکیل کی نصف سینچریوں نے پاکستان کی پوزیشن کو بہتر کیا۔

پہلے روز 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، پہلی وکٹ 3 کے مجموعی اسکور گری جب عبداللہ شفیق 2 رنز پر پویلین لوٹے، پھر دوسری وکٹ 14 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود کی گری جو 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 2 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈک آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب 56 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp