پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کارروائی کی تیاری کرلی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے کچے کے ڈاکوؤں سے نمٹنے کے لیے سندھ، پنجاب اور بلوچستان پولیس کے مشترکہ آپریشن کی تجویز دی گئی ہے۔ ادھر پنجاب حکومت نے ہائی ویلیو ٹارگٹ ڈاکوؤں کے سر کی قیمت ایک کروڑ اور خطرناک ڈاکوؤں کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیے ہیں۔
مزید پڑھیں:حکومتِ پنجاب کا کچے کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت کا اعلان
رحیم یار خان میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ ماچھکہ تھانہ میں درج کرلیا گیا ہے جس میں کوش، سیلرا، شر اور اندھڑ گینگ کے 131 جرائم پیشہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ انسپکٹر امجد رشید کی مدعیت میں درج مقدمے میں دہشتگردی ،قتل ،اغوا اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ ناقابل قبول، مریم نواز نے آپریشن کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ 15 اگست کو رحیم یار خان کے علاے کچے میں ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا تھا جس میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔
کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کامیاب کیوں نہیں ہوتے؟
سندھ اور پنجاب کی سرحد پر کچے کا علاقہ پولیس کے لیے علاقہ غیر جبکہ ڈاکوؤں کی جنت کہلاتا ہے، جنہیں مختلف ادوار میں مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا لیکن وقت گزرتے ساتھ یہ خود مختار ہوتے گئے اور اب ایک وسیع رقبے پر منظم انداز میں جدید اسلحے سے لیس اپنا تسلط جمائے ہوئے ہیں۔
پنجاب میں دریائے سندھ کی گزرگاہ ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان کے دونوں اطراف کے علاقے اور اسی طرح سندھ میں گھوٹکی، سکھر، شکارپور، کشمور اور کندھ کوٹ کے دونوں اطراف کے علاقے کچے کے علاقے کہلائے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکریٹری داخلہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی پر مامور
کچے کے ڈاکو عرصہ دراز سے شہریوں کے اغوا برائے تاوان میں ملوث رہے ہیں، ان کی دیدہ دلیری کا یہ عالم ہے کہ بھاری تاوان کے مطالبے کے لیے انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے متعدد ویڈیوز سے خوف و ہراس کا تاثر بڑے پیمانے پر قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔
ڈاکوؤں کی زورآوری کو دیکھتے ہوئے ملحقہ علاقوں کے منتخب اراکین اسمبلی کے مطالبے پر ایک بار پھر کچے کے علاقے میں پولیس آپریشن کا آغاز کیا جاچکا ہے، امن و امان اور شہریوں کی جان ومال کو لاحق اس نوعیت کے مستقل خطرے سے نمٹنے کے لیے متعدد مرتبہ شروع کیے جانے والے آپریشن کامیاب کیوں نہیں ہوتے؟
ڈکیٹ فیکٹر مارشل لا کی پیداوار؟
اس حوالے سے سینئر صحافی ارباب چانڈیو کہتے ہیں کہ سندھ میں ’ڈکیت فیکٹر‘ مارشل لا دور کی پیدا وار ہے، پہلے کوئی ایک بہت عرصے بعد وجود میں آتا تھا اب تو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ڈکیت بنائے جا رہے ہیں، ڈکیتوں کی نرسریاں اور فیکٹریاں مارشل لا ادوار میں لگیں۔
’ایک وقت تھا جب یہاں کوئی علاقہ محفوظ نہیں تھا یعنی کچے میں ڈکیت تھے تو پکے میں دہشت گرد تھے، یہ سلسلہ ہے تو بہت پرانا لیکن اب تک کسی نہ کسی شکل میں جاری ہے۔‘
مزید پڑھیں:کچے میں آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا، جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آئی جی پنجاب
ارباب چانڈیو کے مطابق ان ڈکیتوں کے وجود میں آنے کی سب سے بڑی وجہ معاشرے میں کرپشن کی گہری جڑیں ہیں، کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ مل رہا ہے، راشن مل رہا ہے، بلکہ بکرے تک دستیاب ہیں۔
’ان کے خاتمے کے حوالے سے سوال پر آئی جی سندھ پولیس نے جواب دیا کہ کچے کے ڈاکو بہت منظم انداز میں پھیلے ہوئے ہیں اور انہیں زمینی حملوں سے کبھی بھی ختم نہیں کیا جاسکتا فضائی حملہ ناگزیر ہے۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سے زائد شہری اس وقت کچے کے ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں، جنہیں تاوان وصولی کے بعد رہا کر دیا جاتا ہے، حال ہی میں بازیاب ہونیوالے رتیک کمار کے بارے میں مقامی سندھی میڈیا نے بتایا کہ وہ 70 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے ڈاکوؤں کے چنگل سے رہا ہوئے ہیں۔
شہری ڈاکوؤں کے چنگل میں پھنستے کیسے ہیں؟
پولیس ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا ان ڈاکوؤں کے لیے شہریوں کے اغوا کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے، ان کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں کا اہم ہدف تاجر ہیں، جن کو لبھانے کے لیے گاڑیوں سمیت دیگر مختلف اشیا کی کم قیمت پر فروخت کے اشتہار سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ہتھیار ڈالنے والے کچے کے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں لایا جائے، صدر آصف زرداری
’اس نوعیت کے اشتہارات پر جب کوئی رابطہ کرتا ہے تو اسے پرکشش پیشکش دے کر ایسے مقام پر ملاقات کے لیے بلایا جاتا ہے، جہاں اغوا برائے تاوان کی واردات ممکن بنائی جاسکے، کئی شہریوں کے اہل خانہ کو تشدد کی ویڈیو دکھا کر بلیک میل کیا جاتا ہے تا کہ تاوان کی رقم وصولی جا سکے۔‘
اس وقت وزیر اعلیٰ سندھ ہوں یا کوئی بھی اعلیٰ صوبائی عہدیدار، سبھی اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ کچے کے ڈاکوؤں کو فضائی مدد کے بغیر زمینی آپریشن سے ختم کرنا نا ممکن ہے۔
ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق ڈاکوؤں کے کئی ٹھکانے مسمار کیے جا چکے ہیں اور پانچ ڈاکوؤں کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے، انڈس ہائی وے پر جرائم میں ملوث ڈاکوؤں کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے ہیں۔
’کچے کے راستوں پر چوکیاں قائم کی جارہی ہیں اور ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، پولیس پر دباؤ ڈالنے کے لیے ڈاکو حملے کررہے ہیں لیکن پولیس کے حوصلے بلند ہیں، ڈاکوؤں کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا۔‘