علیمہ خان اور بشریٰ بی بی میں کشیدگی مکافات عمل، انتشار پھیلانے والوں کی اپنی پارٹی تقسیم کا شکار ہے، وزیر اطلاعات

ہفتہ 24 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں کی اپنی پارٹی آج انتشار اور تقسیم کا شکار ہے، تحریک انصاف میں کئی ڈس انفارمیشن سیل اور گروپ چل رہے ہیں، علیمہ خان گروپ اور بشریٰ بی بی گروپ کے درمیان کشیدگی مکافات عمل ہے، انتشار کی سیاست کی بنیاد عمران خان نے رکھی، انہوں نے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے سے کبھی گریز نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ آج ان کی اپنی پارٹی انتشار اور تقسیم کا شکار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک اور قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے، نہ صرف ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ انہوں نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے سے بھی گریز نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں علیمہ خان اور رؤف حسن کے لیک واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا، جھوٹا بیانیہ آشکار

وفاقی وزیر نے کہاکہ انتشار اور نفرت کی سیاست، معاشرے کو تقسیم کرنے اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کا انجام کبھی اچھا نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ آج ان کی اپنی پارٹی انتشار اور تقسیم کا شکار ہے۔

’علیمہ خان کی گفتگو سے لگتا ہے بشریٰ بی بی الگ ڈس انفارمیشن سیل چلا رہی ہیں‘

انہوں نے کہاکہ آج علیمہ خان کی رؤف حسن کے ساتھ گفتگو سامنے آئی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بشریٰ بی بی اپنا الگ ڈس انفارمیشن سیل چلا رہی تھیں۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ علیمہ خان گروپ اور بشریٰ بی بی گروپ کے درمیان کشیدگی مکافات عمل ہے، بشریٰ بی بی نے عمران خان کی جیل حکام کے ساتھ گفتگو میں غلط تاثر دینے کی کوشش کی، علیمہ خان نے یہ بھی کہاکہ بشریٰ بی بی باہر آکر کیوں روئیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بشریٰ بی بی ہمدردی کا بیانیہ بنانے کی کوشش کررہی تھیں اور ان کے جھوٹے بیانیہ کو علیمہ خان نے جھوٹا قرار دیا۔

’دونوں گروپوں میں پارٹی پر قبضے کی جنگ جاری ہے‘

انہوں نے کہاکہ ان گروپوں میں پارٹی پر قبضے کی جنگ جاری ہے، ایک طرف علیمہ خان رؤف حسن سے کہہ رہی ہیں کہ بشریٰ بی بی جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہیں اور چاہتی ہیں کہ اس بیانیہ کے ذریعے وہ پارٹی پر قبضہ کرلے۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی میں کئی ڈس انفارمیشن سیل چل رہے تھے، ایک سیل رؤف حسن علیمہ خان کے ساتھ مل کر چلا رہا تھا اور دوسرا سیل بشریٰ بی بی چلا رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی گفتگو سے کھانے میں ہارپیک کے قطرے ڈالنے والی بات بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے، اسے بھی علیمہ خان نے جھوٹا قرار دیا ہے اور کہاکہ عمران خان نے ایسی کوئی بات نہیں کی، یہ بالکل فضول بات ہے جو بشریٰ بی بی نے کی، نہ زہر والی بات سچ ہے اور نہ ہی ایسا کوئی مکالمہ عمران خان اور جیلر کے درمیان ہوا۔

انہوں نے کہاکہ یہ دونوں گروپس آپس میں دست و گریبان ہیں، یہ پارٹی پر اپنی اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور اس کوشش میں دونوں گروپوں کی لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔

’علیمہ خان نے بشریٰ بی بی کو ایکسپوز کرنا شروع کردیا‘

انہوں نے کہاکہ اب علیمہ خان نے بشریٰ بی بی کو ایکسپوز کرنا شروع کر دیا ہے۔ تحریک انصاف میں ان دونوں ڈس انفارمیشن سیلز کے درمیان ایک جنگ جاری ہے کہ ملکی سالمیت کو سب سے زیادہ نقصان کون پہنچاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں رؤف حسن کے بھارتی رابطوں سے تحریک انصاف کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا، وفاقی وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات نے کہاکہ حماد اظہر نے بھی اسی لیے استعفیٰ دیا کہ انہوں نے پنجاب میں پارٹی کو آئسولیٹ کردیا تھا۔ تحریک انتشار میں اقتدار کی جنگ جاری ہے، سیاسی دنگل شروع ہوگیا ہے، تحریک انتشار کئی حصوں میں بٹتی نظر آ رہی ہے، پارٹی کے ڈس انفارمیشن سیلز آپس میں مقابلہ کررہے ہیں، یہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ملکی مفاد کو قربان کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp