کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزرنے کے دوران 2 گروپوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے، اور اس دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ہیں۔
ریلی میں شریک 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد شرکا مشتعل ہوگئے اور بس کو آگ لگا دی، جس کے باعث علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں 2 گروپوں میں فائرنگ، اکبر بگٹی کے بھتیجے اور بھانجے سمیت 5 ہلاک
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گولیمار میں فائرنگ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے شہریوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی۔
ترجمان وزیرداخلہ سندھ کے مطابق ضیاالنجار نے پولیس حکام سے گولیمار واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے، اور ہدایت کی ہے کہ پولیس امن و امان کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
وزیر داخلہ نے جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا شہید
ترجمان رینجرز کے مطابق گولیمار میں کشیدہ صورتحال کے باعث رینجرز موقع پر موجود ہے، اشتعال انگیزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ علاقےمیں ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔