علیمہ خان پارٹی میں انتشار کا سبب بن رہی ہیں، پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی

پیر 26 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی جانب سے مسلسل پارٹی قیادت پر تنقید پر خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی قیادت کا موڈ خراب ہونے لگا، سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی بھی علیمہ خان کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر پھٹ پڑے۔

علیمہ خان کا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مہم چلانے کا اعلان

سما ٹی وی کو انٹرویو کے دوران شوکت یوست زئی کا کہنا تھا کہ علیمہ خان پارٹی میں انتشار کا باعث بن رہی ہیں اور ان کے فیصلوں کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں۔ ’پارٹی میں موروثی سیاست نہیں جو علیمہ خان کے فیصلوں کو مانا جائے، ان کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں اور نہ ہی بانی چیئرمین نے انہیں کہیں دوروں کی ہدایت کی ہے۔‘

شوکت یوسف زئی کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حکومت کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن جب تک علی امین گنڈاپور کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے اس وقت تک ان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اور جس دن عمران خان انہیں ہٹانا چاہیں تو وہ خود ہی استعفیٰ دیدیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو علیمہ خان نے پشاور اور مردان میں جیل کاٹنے والے پارٹی کارکنوں اور ان کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر کارکنان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کی صوبائی قیادت کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے تھے، اس سے قبل علیمہ خان نے اسلام آباد جسلہ ملتوی کرنے پر بھی پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: علیمہ خان اور رؤف حسن کے لیک واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا، جھوٹا بیانیہ آشکار

علیمہ خان کے ہمراہ ایم این اے شاندانہ گلزار اور پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ بھی موجود تھیں، ذرائع کے مطابق انہوں نے یہاں بھی پارٹی قیادت سے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔

علیمہ خان نے کارکنان کے ہمراہ خود عمران خان کی رہائی کے لیے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا تھا، پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے اس دورے سے متعلق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت کسی صوبائی کابینہ کے رکن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp