بنگلہ دیش سے شکست پر عمران خان خفا، جیل سے پیغام بھی دے دیا

پیر 26 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‏سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ واحد سپورٹس ہے جو پاکستان میں ٹی وی پر دیکھی جاتی ہے، یہ ایک سفارشی محسن نقوی کو لے کر آئے اس نے کرکٹ تباہ کردی ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ محسن نقوی کے پیچھے طاقتور ہیں، ورلڈ کپ میں ہم پہلی 4 اور ٹی 20 کی 8 ٹیموں میں نہیں آئے، کل بنگلہ دیش سے بھی ہار کر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کی راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی تاریخی فتح

عمران خان نے کہا کہ ‏محسن نقوی کی 5ملین ڈالر مالیت پراپرٹی دبئی میں بیوی کے نام پر ہے، یہ گندم اسکینڈل میں ملوث ہے، ملک کا سب سے بڑا فراڈ الیکشن اس نے کروایا، اس کی قابلیت کیا ہے، کرکٹ کو  بھی تباہ کرچکا ہے۔

خیال رہے محسن نقوی اس وقت چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ کی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔

اس سے قبل ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی پر محسن نقوی یہ بیان بھی دے چکے ہیں کہ قومی ٹیم کو ایک سرجری کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی انہوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کرکٹ ٹیم کو جس طرح سے کھیلنا چاہیے تھا نہیں کھیل سکی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹیم کی شکست، پی سی بی چیئرمین کا اہم بیان آگیا

انہوں نے لکھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پورے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائی، اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے پر بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے بنگلہ دیش نے راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف پہلی تاریخی فتح حاصل کی۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے 30 رنز کا ہدف بنا کسی نقصان کے مکمل کرکے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس نے بنگلہ دیش کو 30 رنز کا ہدف دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp