کسانوں کے احتجاج اور بنگلہ دیش کی صورتحال سے متعلق کنگنا رناوت کا متنازع بیان، بی جے پی پریشان

منگل 27 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ان دنوں اپنی رکن پارلیمان کنگنا رناوت کے کسانوں کے احتجاج اور بنگلہ دیش کی صورتحال سے متعلق ایک متنازع بیان پر سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والی رکن پارلیمان کنگنا رناوت نے ایک متنازع بیان میں کہا تھا کہ اگر بی جے پی کی قیادت مضبوط نہ رہی تو کسانوں کا احتجاج بھارت میں بھی بنگلہ دیش جیسی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’جس انڈسٹری نے شناخت دی اسی پر تنقید؟‘، بالی ووڈ اداکاروں کو بیوقوف کہنے پر کنگنا رناوت پر تنقید

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کنگنا رناوت کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے، ’کسانوں کے احتجاج کے دوران لاشیں لٹکتی ہوئی نظر آئیں اور زیادتی کے واقعات بھی رونما ہوئے، بھارت میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے اس احتجاج کی منصوبہ بندی بہت پہلے کرلی گئی تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے قوانین واپس بھی لیے جاسکتے ہیں۔ کنگنا نے کسانوں کے احتجاج کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا، ’اس سب کے پیچے امریکا اور دیگر غیرملکی طاقتوں کا ہاتھ ہے جن کا مقصد اندر کے لوگوں کی مدد لے کر بھارت کو تباہ کرنا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: بھارتی رکن پارلیمان، اداکارہ کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے والی پولیس افسر کو بڑی پیشکش

بی جے پی نے کنگنا کے بیان اور دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے جای ایک بیان میں بی جے پی نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کنگنا رناوت کے بیان سے اتفاق نہیں کرتی، کنگنا کو پارٹی پالیسی کے بارے میں بیان جاری کرنے کی اجازت نہیں ہے اور پارٹی نے انہیں آئندہ اس طرح کے بیانات نہ دینے کی ہدایت کردی ہے۔

کنگنا کے بیان پر ایک کنگرس رہنما نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’آخر بی جے پی کے لوگ خوراک پیدا کرنے والوں کے اس قدر خلاف کیوں ہیں، بی جے پی نے ہمیشہ بھارتی کسانوں سے جھوٹ بولا، انہیں دھوکا دیا اور دبانے کی کوشش کی، اب ایک بار پھر بی جے پی کی ایک رکن پارلیمان کسانوں پر جھوٹے الزامات عائد کررہی ہیں، سوال یہ ہے کہ کیا کنگنا نے یہ گھٹیا الزامات پارٹی کی الیکشن پالیسی کے مطابق جاری کیا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کے بعد سب سے زیادہ عزت مجھے ملتی ہے، کنگنا رناوت

دوسری جانب آل انڈیا کسان سبھا نے بھی کنگنا کے بیان کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کنگنا نے یہ بیان اپنے ان مقامی اور بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے دیا ہے جو ملکی زراعت کو ہڑپنا چاہتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کنگنا کے متنازع بیان کے بعد بی جے پی کو ہریانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ ہریانہ کسانوں کے احتجاج کا مرکزی شہر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp