توہین الیکشن کمیشن، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا طلبی نوٹس کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع

منگل 27 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے طلبی نوٹس کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو راجہ ذوالقرنین ایڈووکیٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کی سماعت کے لیے 28 اگست (کل) کو طلب کر رکھا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سماعت سے ایک روز قبل عدالت عالیہ آزاد جموں کشمیر سے حکم امتناعی حاصل کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے بیرسٹر ہمایوں نواز خان نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس پر آج ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد بہار نے سماعت کی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی درخواست ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی۔

جسٹس شاہد بہار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اگلی پیشی پر طلب کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر راجہ سعید کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو نوٹس ارسال کرنے کے ساتھ انہیں آگاہ بھی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ‎علی امین گنڈاپور کے آزاد کشمیر میں ضمانتی مچلکے جمع

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف 2021 میں وکیل راجہ ذوالقرنین نے الیکشن کمیشن آف آزاد جموں و کشمیر میں درخواست دائر کی تھی، ان پر الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر نے نے رواں برس 14 فروری کو علی امین گنڈا پور کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسمعاعیل خان کو تحریری طور پر ہدایت کی تھی کہ انہیں گرفتار کرکے 28 فروری کو  الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سماعت روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

28 فروری کو الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت میں کمیشن کو بتایا گیا کہ علی امین گنڈا پور نے عدالتی آرڈر کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان کے دفتر میں ضمانتی مچلکے جمع کرادیے ہیں، جس پر الیکشن کمیشن نے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔

5 مارچ کوالیکشن کمیشن آزادکشمیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 11 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور مقررہ تاریخ کو پیش نہ ہونے کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ 28 مارچ کو کیس کی سماعت میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے وکلا نے الیکشن کمیشن کے مکمل ہونے تک سماعت روکنے کی درخواست کی تھی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp