15 منٹ سیڑھی چڑھنے کے 15 حیران کن فوائد

منگل 27 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اگر آپ کسی ایسی عمارت میں رہتے ہوں جہاں لفٹ کی بجائے سیڑھیوں کے ذریعے کچھ منازل چڑھ کر گھر میں داخل ہونا پڑتا ہو تو آپ کے مہمان اکثر اس کی شکایت کرتے ہوئے کچھ ناگوار ریمارکس بھی دے دیتے ہوں گے لیکن ایسے گھر کو آپ ایک نعمت ہی سمجھیں کیوں کہ یہ طویل سڑھیاں آپ کو بہت سی بیماریوں سے بچالیتی ہیں۔

یوں تو اس حوالے سے بیشمار اسٹڈیز موجود ہیں لیکن حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ جو افراد روزانہ باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتے اترتے ہیں وہ دل کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

سیڑھیاں پیٹ کی چربی کی دشمن

اگر کوئی ہر روز 15 منٹ سیڑھیاں چڑھتا ہو تو اس سے نہ صرف اس شخص کا وزن کم ہوسکتا ہے بلکہ پیٹ کی چربی بھی گھٹ جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ہڈیوں کا مضبوط ہونا بھی اس عمل کے فوائد میں سے ایک ہے۔

سیڑھیاں چڑھنے سے کیلوریز زیادہ تیزی سے صرف ہوسکتی ہیں جس کی وجہ سے جسم کی چربی تیزی سے گھلتی ہے۔ گو چہل قدمی سے بھی یہ چربی پگھلنا ممکن ہوتا ہے لیکن سیڑھیاں چڑھنا اس حوالے سے زیادہ سودمند اور زود اثر ہوتا ہے۔

اسٹدی کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے سے ایک منٹ میں 8 سے 10 کیلوریز جلائی جاسکتی ہیں۔

شوگر سے بچاؤ

روزانہ 10 منٹ سیڑھیاں چڑھنے سے جسم میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی کم ہو جاتا ہے۔

امراض قلب کے خطرات میں کمی

سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کو بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے اور جو افراد روزانہ سیڑھیاں چڑھنے کے عادی ہوتے ہیں ان میں سیڑھیوں سے کنی کترانے والوں کے مقابلے میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 39 فیصد کم ہو جاتا ہے۔

ذہنی دباؤ میں کمی

سیڑھیاں چڑھنے سے ہمارے دماغ سے ہیپی ہارمونز خارج ہوتے ہیں جو ہمیں ذہنی دباؤ اور اضطراب جیسے مسائل سے بچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

ہڈیوں کی صحت

سیڑھیوں کے مسلسل استعمال سے ہڈیوں کی کثافت اور لچک برقرار رہتی ہے اور آسٹیوپوروسس اور اوسٹیو ارتھرائٹس جیسے مسائل کے خطرات کم کیے جاسکتے ہیں۔

دیگر فوائد

سیڑھیاں چڑھنے سے انسانی جسم دیگر فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں اور صحت پر خوشگوار اثرات پڑتے ہیں۔ ان فوائد میں بلڈ پریشر کنٹرول میں رہنا، اسٹیمنا میں اضافہ، پھیپھڑوں کی کارکردگی بہتر ہونا، وزن کا کنٹرول میں رہنا، دماغ کی کارکردگی بہتر ہونا، لمبی زندگی جینے کے امکانات پیدا ہونا، پٹھوں کا مضبوط ہونا، ڈپریشن کم کرنا، اچھی نیند ملنا اور موڈ پر خوشگوار اثر پڑنا بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp