ناراضی کے نام پر پہاڑوں پر چڑھ کر لوگوں کو قتل کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، اسحاق ڈار

منگل 27 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمیں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مل بیٹھ کر کوئی فیصلہ کرنا ہوگا، جو لوگ ریاست پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں ان سے مذاکرات ہوسکتے ہیں، لیکن ناراضی کے نام پر پہاڑوں پر چڑھ کر معصوم لوگوں کو قتل کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ کل بلوچستان میں جو واقعات ہوئے ان پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، ہم بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے ہیں، اس وقت وزیر داخلہ وہاں موجود ہیں جبکہ 2 سے 3 روز میں وزیراعظم بھی صوبے کا دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں لاپتا افراد کے معاملے کو بعض لوگوں نے ذریعہ معاش بنایا ہوا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

انہوں نے کہاکہ 2013 میں بھی ملک میں دہشتگردی کی یہی صورتحال تھی لیکن قوم نے ایک متفقہ فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا، لیکن اس کے بعد آنے والی حکومت نے آپریشنز کے دوران بھاگ جانے والے دہشتگردوں کو واپس لا کر بسایا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے دہشتگردوں کے ساتھ مذاکرات کے نام پر بہت بڑا بلنڈر کیا، جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر چل نکلتا ہے تو عدم استحکام پیدا کردیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں دہشتگردی کے معاملے پر آگے کیا کرنا ہے اس پر مل کر سوچنا چاہیے، بلوچستان کے معاملے پر ہمیں متفق ہونا پڑے گا۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ ہم ایک ایٹمی ملک ہیں اور دشمن چاہتا ہے کہ یہ کہیں معاشی قوت بھی نہ بن جائیں، سوچنا ہوگا کہ ہم 24ویں سے 47ویں معیشت کیسے بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ، سرنڈر کرنے والوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

اسحاق ڈار نے کہاکہ کچھ لوگوں کو استعمال کرکے ایک صوبے میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، ہمیں مشترکہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ دشمنان پاکستان کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp