وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے ہرممکن تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جہاں بلوچستان میں امن و امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں، صدر آصف زرداری کی ہدایت
وزیراعظم نے سرفراز بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے ہر فرد اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے، تشدد پسندی کسی صورت قابل قبول نہیں، بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں، سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ نہتے شہریوں کو مسلح جھتوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہاکہ امن دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے محتاط کارروائیاں کررہے ہیں۔
اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لیے کردار ادا کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر داخلہ نے صدر مملکت آصف زرداری سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی پر زور دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 39 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ، سرنڈر کرنے والوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد مختلف حملوں میں مارے گئے۔














