تربت نیول بیس پر دہشتگردوں کے حملے سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش خبریں بےبنیاد ہیں۔
بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد بھارتی میڈیا نے پھر منفی پروپیگنڈے کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر جعلی اور من گھڑت ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں، جن کے ذریعے تربت نیول بیس پر حملے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کو انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیدیا
ذرائع کے مطابق، خدکوچہ تھانے کی جو ویڈیوز پھیلائی جارہی ہیں وہ جعلی ہیں، دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر بلوچستان میں مؤثر آپریشنز جاری ہیں اور دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جارہا ہے۔
بےبنیاد خبروں اور ویڈیوز کا مقصد خوف وہراس اور انتشار پھیلانا ہے، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے تمام اہم تنصیبات کی حفاظت کے لیے چوکس ہیں اور ہر قسم کی شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 21 دہشتگرد ہلاک، 14 جوان شہید
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 39 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد مختلف حملوں میں مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے: سیکیورٹی فورسز کا مؤثر جواب، 12 دہشتگرد ہلاک
دوسری جانب، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 21 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ اس دوران 14 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں ان گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائیوں کے لیے اکسانے والوں، مجرموں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔