ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو آخری ٹی20 میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرلیا۔
ویسٹ انڈیز میں کھیلی جارہی اس ٹی20 سیریز کا آخری میچ بارش کے باعث ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت 13 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 13 اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش سے شکست پر عمران خان خفا، جیل سے پیغام بھی دے دیا
ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت ویسٹ انڈیز کو 13 اوورز میں 116 رنز کا ہدف دیا گیا جو میزبان ٹیم نے 9.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹرسٹن اسٹبز 40، اوپنر ریان رکلٹن 27 اور کپتان ایڈن مرکرم 20 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے 2 جبکہ عقیل حسین اور میتھیورڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کے 108 رنز کے خلاف ویسٹ انڈیز کو 116 رنز کا ہدف دیا گیا جو ویسٹ انڈیز نے 22 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔ اوپنر ایلیک ایتھانیز ایک رن اور شمرون ہیٹمائر 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شائے ہوپ 42 اور نکولس پورن 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے بجورن فورٹن اور اوٹنیل بارٹمین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کرکٹ کے معیار کو کیا ہوگیا؟ کیون پیٹرسن کو کس بات نے پریشان کردیا؟
ویسٹ انڈیز نے 3 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے جبکہ دوسرے ٹی20 میچ میں مہمان ٹیم کو 30 رنز سے شکست دی تھی۔ مارچ 2023 سے اب تک جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین 10 ٹی20 میچز کھیلے گئے، جن میں سے ویسٹ انڈیز نے 8 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔